Wednesday, May 15, 2024
Homeٹرینڈنگبہار میں این آرسی کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا : نتیش

بہار میں این آرسی کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا : نتیش

- Advertisement -
- Advertisement -

پٹنہ ۔ چیف منسٹربہار تیش کمار نے قانون سازیہ کے خصوصی اجلاس کے دوران کہا کہ پورے ملک میں  شہریت قانون ،این آر سی اور این پی آر پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے لیکن میں ریاستی عوام کو یقین دلانا چاہتاہوں کہ بہار میں این آر سی کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ اسمبلی میں  اسپیکر وجئے کمار چودھری نے ایس سی ایس ٹی سے متعلق آئینی ترمیمی بل کو اتفاق رائے سے منظور کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی ایس سی ایس ٹی ریزویشن کو ایک بار پھر اگلے دس برسوں یعنی جنوری 2030 تک کے لئے نافذ ہوگیا۔

 دریں اثنا نتیش کمار نے سی اے اے کے معاملہ پر اسمبلی میں خصوصی بحث کروانے کی بات کہی ہے ۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے اسمبلی میں کہا کہ ہر اس معاملہ پر بحث ہونی چاہئے ، جس کی ضرورت ہو اور جس کے متعلق  کسی کے ذہن میں کوئی شک ہو ۔ نتیش کمار نے کہا کہ جس نکتہ پر الگ الگ رائے آئے ، اس پر بحث کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ این آر سی نافذکرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے ۔ ہم سی اے اے پر خصوصی طور پر بحث کریں گے ، لیکن این آر سی کا تو سوال ہی نہیں ہے ۔ این آر سی کا کوئی جواز نہیں ہے ۔

نتیش کمار نے این پی آر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کچھ اور بھی پوچھا جارہا ہے ، ہم بھی چاہتے ہیں کہ اس موضوع پر بحث ہو ۔ اگر سب لوگوں کی خواہش ہوگی تو اسمبلی میں بھی بحث ہوگی ۔ چیف منسٹر نے اس کے بعد ذات پر مبنی مردم شماری کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ ہم بھی چاہیں گے کہ ذات پر مبنی مردم شماری ہو ۔نتیش کمار نے کہا کہ 1930 کے بعد ایک مرتبہ پھر ذات پر مبنی مردم شماری ہونی چاہئے ۔