Wednesday, May 15, 2024
Homeٹرینڈنگتلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کا وسط اکتوبر میں جلسہ عام

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کا وسط اکتوبر میں جلسہ عام

استقبالیہ و دیگر کمیٹیوں کی تشکیل۔مجلہ کی اشاعت اور جی او 239  کے خلاف جدوجہد کا فیصلہ۔ یونین کا اجلاس 
حیدرآباد۔  تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (ٹی یو ڈبلیو جے یو) نے وسط اکتوبر میں اردو صحافیوں اور یونین کے ارکان کا ایک جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اردو صحافیوں کے ساتھ جاری لگاتار ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے حل طلب مسائل کی جانب حکومت کی توجہ مبذول کرائی جاسکے۔ اس سلسلے میں یونین کے ریاستی اور ضلعی ذمہ داران کا ایک اجلاس آج نوبل ہال، مصطفی ٹاور، لکڑی کا پل میں منعقد ہوا جس میں جلسہ عام کی تیاریوں اور اس کے کامیاب انعقاد کے لئے استقبالیہ کمیٹی کے ساتھ دیگر مختلف کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔ جلسہ عام میں اردو کی مشہور و معروف شخصیتوں کے علاوہ برسراقتدار و اپوزیشن پارٹیوں کے اعلیٰ قائدین کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں جی او 239 پر دوبارہ غور و خوض کیا گیا۔ یہ جی او بالخصوص اردو صحافیوں کے مفادات پر ضرب لگاتا ہے اس لئے یونین نے حکومت پر اس جی او سے دستبرداری کے لئے دباؤ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں مساعی کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے جائیں گے اور اعلیٰ عہدیداروں سے دوبارہ نمائندگی کی جائے گی۔ اردو صحافیوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات پر غورکیا گیا اور ایکریڈٹیشن کارڈ سے محروم صحافیوں کو بھی ہیلتھ کارڈ کی اجرائی کے لئے موثر کوششوں کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یونین کے ضلعی صدور اور دیگر عہدیداروں نے مختلف سطحوں پر اردو صحافیوں کے ساتھ ناانصافی اور سرکاری عہدیداروں کے تعصب کی شکایت کی اور کہا کہ اس رجحان کے سدباب کے لئے موثر کوششوں کی ضرورت ہے۔ بالخصوص سرکاری اداروں میں اردو صحافیوں کے ساتھ متعصب رویہ اختیار کیا جاتا ہے جس کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ یونین کے عہدیداروں نے یونین کے ایک مجلہ کی اشاعت کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں بھی ایک کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔ سرپرست یونین جناب محمد ساجد معراج نے خطاب کرتے ہوئے جلسہ عام کے سلسلے میں تشکیل دی گئی مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داران سے خواہش کی کہ وہ ایک کامیاب جلسہ عام کے انعقاد کے لئے تیاریوں کا فوری آغاز کردیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے قیام کا مقصد اردو اور اردو صحافیوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے اور یونین اس مشن میں مسلسل سرگرم ہے۔ پس پردہ اور پیش پردہ دونوں طرف یونین کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے یونین کے ضلعی عہدیداران سے خواہش کی کہ وہ یونین کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لئے انتھک جدوجہد کریں تاکہ مستقبل میں اس کے ثمرات سے نہ صرف موجودہ اردو صحافی بلکہ اردو صحافیوں کی آنے والی نسلیں بھی مستفید ہوسکیں۔ یونین کے ریاستی صدر جناب اطہر معین نے اپنے خطاب میں پھر ایک بار تمام عہدیداران اور ارکان سے اپیل کی کہ وہ ہمیشہ متحد رہیں کیونکہ اتحاد ہی ہمیں انصاف دلاسکتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یونین، اردو صحافیوں بالخصوص اپنے ارکان کی فلاح و بہبود کے لئے ہر محاذ پر سرگرمی کے ساتھ کام کررہی ہے۔ ریاستی نائب صدور جناب محمد عبدالحکیم اور جناب رؤف اعظمی، ریاستی جنرل سکریٹری جناب لئیق الدین اور ریاستی سکریٹری مرزا غنی بیگ نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ یونین کے ریاستی سکریٹری جناب رفیق پٹیل کی قرات کلام پاک سے اجلاس کا اغاز عمل میں آیا۔ اجلاس میں نائب صدر محمداکبر محی الدین، سکریٹریز مفتی محمدرئیس قاسمی، زبیراحمد خان، خازن سیدواجد حسینی، ارکان عاملہ محمد ریاض الدین، محمدافضل پاشاہ، محمد سراج مسعود، محمد یوسف، سید چاند پاشاہ، محمد صدیق، محمد عبدالعظیم، شیخ جمیل، محمد اسحاق سہیل، اضلاع کے صدورو معتمدین سیدسجادالحسنین ، سیدباقر،سید یحییٰ پاشاہ قادری، محمد متبع علی خان، محمدمحسن، شیخ محسن، شیخ فرہاد خلیل، محمدعبدالعظیم (گریٹرحیدرآباد)، محمد عرفان، جعفررشید، محمد خلیل الدین(جگتیال)، محمد سعید محی الدین، علیم دانش (متحدہ ورنگل)، محمد امتیاز الدین (میدک)، شاکرالصمد(کریم نگر)، محمد عابد احمد (آصف آباد)، محمد علیم الدین (کاماریڈی)، شاہداحمد توکل (عادل آباد)،محمد عثمان (نظام آباد)، اشفاق احمد، سید امجد (متحدہ نلگنڈہ)، محمد غوث (ناگرکرنول)، محمد الیاس الدین (سدی پیٹ) اور دیگر اضلاع کے ذمہ داران نے شرکت کی۔