Sunday, May 5, 2024
Homesliderتلنگانہ راشٹرا سمیتی اب  بھارت راشٹرا سمیتی بن گئی

تلنگانہ راشٹرا سمیتی اب  بھارت راشٹرا سمیتی بن گئی

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) نے اپنا نام بدل کر بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) رکھ دیا ہے، جس سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے قومی سیاست میں داخلے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔یہ فیصلہ یہاں ٹی آر ایس کے صدر دفتر تلنگانہ بھون میں منعقدہ جنرل باڈی میٹنگ میں لیا گیا۔تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر کی زیر صدارت اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی۔ جیسے ہی گھڑی نے دوپہر 1.19 بجے، اس موقع کے لیے مقررہ وقت کے مطابق، انہوں  نے قومی پارٹی کے آغاز کا اعلان کیا۔

اجلاس میں شرکا کے زوردار نعروں کے درمیان کے سی آر نے قرارداد پڑھ کر سنائی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل باڈی کے اجلاس میں متفقہ طور پر ٹی آر ایس کا نام بدل کر بی آر ایس کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ اس کی سرگرمیوں کو ملک بھر میں وسعت دی جا سکے۔پارٹی نے پارٹی کے نام میں تبدیلی اور پارٹی آئین میں ترمیم کے بارے میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بھی آگاہ کیا۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کو لکھے گئے خط میں ٹی آر ایس کے جنرل سکریٹری نے بتایا کہ جنرل باڈی میٹنگ نے پارٹی کا نام تلنگانہ راشٹرا سمیتی سے بدل کر بھارت راشٹرا سمیتی کرنے کی قرارداد منظور کی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے پارٹی کے آئین میں ضروری ترامیم بھی اسی میٹنگ میں کی گئی ہیں۔

شرکاء نے  دیش کا نیتا کے سی آر اور بی آر ایس زندہ باد اور کے سی آر زندہ باد کے نعروں کے ساتھ اس اعلان کا خیر مقدم کیا۔کرناٹک کے سابق چیف منسٹر  اور جنتا دل (ایس) لیڈر ایچ ڈی کمارسوامی، ودوتھلائی چروتھائیگل کچی کے صدر تھولکاپیان تھرومالاوان اور دونوں جماعتوں کے دیگر قائدین، جنہوں نے میٹنگ میں شرکت کی، نےکے سی آر کو مبارکباد دی۔جملہ 283 مندوبین بشمول وزراء، ایم پیز، ایم ایل اے، ایم ایل سی، پارٹی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان، ضلع پریشد کے چیئرپرسن، ضلع پارٹی صدور اور کارپوریشنوں کے چیرپرسن نے شرکت کی۔یہ 2001 میں تھا جب کے سی آر نے تلنگانہ کو علیحدہ ریاست کا درجہ دینے کی تحریک کو زندہ کرنے کے لیے ٹی آر ایس کا آغاز کیا تھا۔ 13 سال کی طویل جدوجہد کے بعد 2014 میں ہدف حاصل کرنے کے بعد، انہوں نے نئی ریاست میں پہلی حکومت بنائی اور 2018 میں اقتدار برقرار رکھا۔