Sunday, April 28, 2024
Homesliderتلنگانہ میں اسکولس کو اتوار تک تعطیلات

تلنگانہ میں اسکولس کو اتوار تک تعطیلات

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ تلنگانہ حکومت نے موسلا دھار بارش کے پیش نظر چہارشنبہ  کو ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 16 جولائی تک توسیع کر دی ہے جبکہ قبل ازیں ان تعطیلات کو 13 جولائی تک رکھا گیا تھا لیکن ریاست میں بارش کی صورت حال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے جس کے بعد ان تعطیلات میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے ۔حکومت نے پہلے ہی ریاست بھر میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر تین دن کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا اور جمعرات کو اسکول دوبارہ کھلنے والے تھے تاہم ریاست کے کئی حصوں میں بارش جاری رہنے کے ساتھ حکام نے تعطیلات مزید تین دن بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

اس سلسلے میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں لکھا گیا ہےمسلسل شدید بارشوں اور نامساعد موسمی حالات کے پیش نظر حکومت نے تمام تعلیمی اداروں (سرکاری، امدادی اور خانگی ) کی تعطیلات 14 جولائی سے 16 جولائی تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ تعلیمی ادارے 18 جولائی سے دوبارہ کھولے جائیں گے لیکن اس کا انحصار بھی موسم کے بہتر ہونے پر ہے ۔ریاست کے مختلف حصوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے، جس سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 17 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

افواہوں کا بازار گرم

ایک جانب جہاں ریاست میں بارش کی وجہ سے عوام کو تکالیف برداشت کرنے کےعلاوہ خوف کا سامنا ہے تو دوسری جانب سوشل میڈیا خاص کر واٹس ایپ پر افواہوں کا بازار گرم ہے ۔حیدرآباد میں اس وقت سب سے زیادہ جس افواہ کو لوگ بغیر کسی تحقیق اور تصدیق کے ایک دوسرے کو روانہ کررہے ہیں وہ ایک آڈیو کلپ ہے ۔ اس آڈیو کلپ میں حیدرآباد کو ریڈ الرٹ کرنے ، فلک نما برج کے متاثر ہونے ، جل پلی کے تالاب کے علاقوں سے عوام کا تخلیہ کئے جانے اور شہر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلئے فوج کو اتارے جانے کی بات کہی جارہی ہے ۔اس فرضی خبر کو جنگل کی آگ کی طرح گروپس میں روانہ کیا جارہا ہے ، حالانکہ یہ آڈیو کلپ میں کہی گئی تمام باتیں سوائے سفید جھوٹ کے کچھ نہیں ہے ۔