Sunday, April 28, 2024
Homesliderتلنگانہ میں ایک بار پھر سیلاب جیسی صورتحال

تلنگانہ میں ایک بار پھر سیلاب جیسی صورتحال

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں دوسری بار تلنگانہ میں سیلاب جیسی صورتحال دیکھنے میں آرہی ہے جس میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں، جھیلوں اور آبی ذخائر میں پانی پیدا ہوگیا ہے۔ حیدرآباد اور کچھ دیگر اضلاع میں مسلسل بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں کی خستہ حالات سے آمدورفت میں خلل پڑا اور معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے۔

بارش سے متعلقہ واقعات میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک لاپتہ ہوگیا۔ ورنگل قصبہ میں ہفتہ کی علی الصبح عمارت گرنے سے دو افراد کی موت ہوگئی جبکہ ضلع میدک کے سیلاب زدہ علاقہ میں سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے سے موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص کی موت ہوگئی۔ اس کے علاوہ تاریخی مکہ مسجد کے وضو خانہ کی دیوار بھی مسلسل بارش کے نتیجہ میں منہدم ہوگئی ہے ۔

موسلادھار بارش کی وجہ سے شہر پانی میں ڈوب گیا اور کچھ جگہوں پر سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچا، جس سے دیہاتوں اور قصبوں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ندی نالوں، جھیلوں، آبی ذخائر اور دیگر آبی ذخائر میں تیزی آگئی جس کے نتیجے میں قریبی  بستیاں زیر آب آ گئیں۔ گریٹر حیدرآباد، میدک، جنگاؤں، محبوب آباد اور سنگاریڈی ضلع میں سڑکیں جھیلوں میں تبدیل ہوگئیں، جمعہ کی شام سے ہی موسلادھار بارش کا قہر دیکھا گیا۔

حیدرآباد-ناگپور اور میدک ۔حیدرآباد شاہراہوں سمیت کچھ اہم شاہراہوں پر سڑکوں کی آمدورفت متاثر ہوئی کیونکہ جھیلوں میں ٹوٹ پھوٹ سے سڑکوں پر کچھ جگہوں پر پانی بھرگیا۔میدک ضلع کے شیوم پیٹ منڈل (بلاک) میں شدید بارش ہوئی۔ حویلی گھن پور اور گنگاپور کے درمیان سڑک کا رابطہ منقطع ہوگیا کیونکہ شدید بارش کی وجہ سے پل ٹوٹ گیا۔ سیلاب میں چھ گائیں بہہ گئیں۔ میدک میں ضلع انتظامیہ نے تمام اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

میدک ضلع کے پاتھور میں ہفتہ کی صبح ختم ہونے والے 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 26.1 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جنگاؤں کے دیوروپولا میں 25.5 سینٹی میٹر اور میدک ضلع کے راج پلی میں 24 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محبوب آباد کے دنتے پلی میں 22.2 سینٹی میٹر، میدک میں 21.5 اور سنگاریڈی ضلع کے جنارم میں 21.4 سینٹی میٹر بارش ہوئی۔

حیدرآباد اور آس پاس کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ نظام پیٹ میں بھنڈاری لے آؤٹ بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے زندگی متاثر ہوئی ہے ۔ کئی کثیر المنزلہ عمارتوں کے سیلرز بارش کے پانی سے بھر گئے۔حفیظ پیٹ میں 14 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جیڈی میٹلا اور گجولامارام میں 13.9 سینٹی میٹر اور بالا نگر میں 13 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔موسلا دھار بارش کا تازہ سلسلہ ریاست میں گوداوری ندی کے سیلاب سے ٹھیک ہونے سے پہلے ہی چھا گیا جس نے تقریباً 10 دن پہلے کچھ اضلاع میں تباہی مچا دی تھی۔کئی آبی ذخائر میں بڑے پیمانے پر پانی کی آمد کے بعد خطرہ کا نشان حکام کی نظروں میں ہے ۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے سیلابی پانی کی نکاسی کے لیے دروازے کھول دیے۔