Sunday, May 12, 2024
Homesliderتلنگانہ میں رات کا کرفیو، پیر کو کابینہ اجلاس میں اہم فیصلہ...

تلنگانہ میں رات کا کرفیو، پیر کو کابینہ اجلاس میں اہم فیصلہ متوقع

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ تلنگانہ میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ بدستور جاری ہے اور موجودہ صورت حال کے علاوہ مرکزی حکومت کی ہدایت کے پیش نظر کے سی آر حکومت  نے 17 جنوری بروز پیر  کو 2 بجے دن ریاستی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں کابینی اجلاس میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جس  کے بعد چند اہم فیصلے متوقع ہیں ۔

 ریاستی حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے عائد کردہ تحدیدات میں 20 جنوری تک توسیع کی ہے۔ یکم جنوری کو جاری کردہ  حکومتی حکم نامہ  ایم ایس 1 کے تحت عائد کردہ مختلف تحدیدات کو 10 جنوری تک نافذ کیا گیا تھا لیکن بعد میں 9 جنوری کو جی او ایم ایس نمبر 6 کے ذریعہ تحدیدات میں 20 جنوری تک توسیع کی گئی۔ تحدیدات کے تحت ریالیوں، عام جلسوں اور مذہبی، سیاسی اور سماجی پرہجوم  تقاریب پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ، دکانات، مالس، دفاتر اور تجارتی اداروں کو ماسک کے استعمال اورسماجی فاصلہ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ماسک کے عدم استعمال پر 1000روپئے جرمانہ عائد کیا جارہا ہے ۔

 باوثوق ذرائع کے مطابق پیر کے دن کابینی اجلاس میں موجودہ تحدیدات کے علاوہ بعض نئی پابندیوں کا فیصلہ کیاجاسکتاہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے کورونا کی صورتحال پر حکومت کو رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینی اجلاس میں عوام کی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے رات کے کرفیو کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کابینی اجلاس میں کورونا سے نمٹنے کے سلسلہ میں اہم فیصلے کئے جاسکتے ہیں۔ کابینی اجلاس میں حکومت کی فلاحی اسکیمات، ،یونیورسٹیز کے تدریسی عملہ کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں توسیع کے بارے میں اہم  فیصلوں کا امکان ہے۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی  ) کی سفارشات کے مطابق کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کی سفارش کی ہے جسے کابینہ کی منظوری درکار ہے۔