Sunday, April 28, 2024
Homesliderتلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے متعلق 48 گھنٹوں میں فیصلہ لینے حکومت...

تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے متعلق 48 گھنٹوں میں فیصلہ لینے حکومت کو ہائی کورٹ کا حکم

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔تلنگانہ  ریاست میں کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافہ  اور صورتحا ل   کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے آج  تلنگانہ ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کو سخت ہدایت دی ہے کہ کوروناوائرس کی وباء کو قابو میں کرنے کیلئے ریاست میں لاک ڈاؤن یا پھر کرفیو کے نفاذ کیلئے اندرون 48 گھنٹے قطعی فیصلہ کرے۔اس مسئلہ پر ریاستی ہائیکورٹ نے انتہائی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ اگر اندرون 48 گھنٹے حکومت ریاست میں لاک ڈاؤن یا پھر کرفیو کے نفاذ پر کوئی فیصلہ نہیں کرتی ہے تو ہائیکورٹ خود اپنی جانب سے ایسے احکامات جاری کرے گی۔

ریاستی ہائیکورٹ  نے اس کے علاوہ حکومت تلنگانہ کو پابندبنایا ہے کہ وہ ریاست کے تمام اہم اور بڑے سرکاری اور خانگی دواخانہ  میں کوویڈ متاثرین کیلئے بستروں کی فراہمی اور علاج کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے ۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ  ریاست میں کورونا وائرس سے  متاثرین کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ریکارڈ ہورہا ہے اور اموات بھی ہورہی ہیں اسی تناظر میں ریاستی ہائیکورٹ نے آج حکومت تلنگانہ کو یہ سخت ہدایت جاری کی ہے۔وہیں اسمبلی اجلاس میں چیف منسٹر  کے سی آر نے اعلان کیا تھا کہ ریاست میں دوبارہ لاک ڈاؤن یا کرفیو کے نفاذ کا حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

اسی طرح  تین دن قبل ہی ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست میں لاک ڈاؤن، کرفیو یا پھر دفعہ 144کے نفاذ کی ضرورت نہیں ہے اور دو دن قبل سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل میں بھی اسی خیال کا اظہار کیا تھا لیکن اب حالات مختلف ہیں کیونکہ جہاں خود کے سی آر کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور دہلی میں 6 دن کا لاک ڈاؤن لگ چکا ہے تو ریاست تلنگانہ میں بھی حالات رات کے کرفیو یا ہفتے کے آخری ایام میں کرفیو کی طرف گامزن ہے ۔