Sunday, May 12, 2024
Homesliderتلنگانہ میں 80039 جائیدادوں پر راست تقررات، عنقریب اعلامیہ کی اجرائی

تلنگانہ میں 80039 جائیدادوں پر راست تقررات، عنقریب اعلامیہ کی اجرائی

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ تلنگانہ کے بے روزگار نوجوانوں کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 80039 سرکاری جائیدادوں پر راست تقررات فوری انجام دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ 11103 کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا اعلان کیا گیا۔ جس کے بعد ریاست میں جملہ 91142 جائیدادوں پر تقررات عمل میں آئیں گے۔ تقررات کیلئے عنقریب اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ 80039 ۔

 چیف منسٹر کے سی آرنے آج قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی بڑے پیمانے پر تقررات کا اعلان کرتے ہوئے ریاست بھر میں بے روزگار نوجوانوں میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑا دی ہے۔ 2014 میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے بے روزگار نوجوان تقررات کے انتظار میں تھے۔ چیف منسٹر نے تقررات کیلئے عمر کی حد میں 10 سال رعایت دینے کا اعلان کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدواروں کو تقررات کا اہل بنایا جاسکے جس کے بعد کورونا سے پریشان رہنے والے افراد نے بھی راحت کی سانس لی ہے کیونکہ کورونا کی وجہ سے ان کے 2 سال ضائع ہوئے ہیں۔ پولیس اور دیگر یونیفارم سرویسس کے ماسواءتمام سرکاری محکمہ جات میں او سی (اوسی )طبقات کیلئے عمر کی حد 44 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کیلئے 49 سال  مقرر کی گئی  ۔جسمانی معذورین کیلئے 54 اور ایکس سرویس مین امیدواروں کیلئے عمر کی حد 47 سال مقرر کی گئی ہے۔

 چیف منسٹر نے نئی ریاست کی تشکیل کے بعد سے تقررات کی تفصیلات سے ایوان کو واقف کروایا اور کہا کہ تاحال 156254 جائیدادوں پر تقررات کیلئےاعلامیہ  جاری کیا گیا جن میں سے 133942 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے باقی 22312 جائیدادوں پر تقررات کا عمل جاری ہے۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں آئندہ سے کنٹراکٹ بنیادوں پر کوئی تقررات نہیں ہوں گے۔ کے سی آر کے اس اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں تعلیم یافتہ افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔