Saturday, May 18, 2024
Homesliderتمام حجاج کورونا سے محفوظ :سعودی حکام

تمام حجاج کورونا سے محفوظ :سعودی حکام

- Advertisement -
- Advertisement -

ریاض ۔اس وقت عالم اسلام کی نظریں اللہ کے گھر کعبتہ اللہ پر ٹکی ہوئی ہیں جہاں 60 ہزار سے زیادہ افراد مناسک حج کے علاوہ طواف میں مشغول ہیں اور اس کورونا کے بحران میں فریضہ حج کا ادا ہونا کسی بڑی نعمت سے کم نہیں ۔دریں اثناسعودی عرب کی وزارت صحت سے جاری کردہ بیان کے بموجب تمام حجاج کرام کورونا وبا سے محفوظ ہیں اور حجاج میں کرونا کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔

علاوہ ازیں حجاج کرام کو مقام پر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے میڈیکل ٹیمیں موجود  ہیں جو ابتدائی طبی امداد دینے کے علاوہ کسی بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلئے تیار ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حجاج کرام کو کورونا وبا سے بچانے کے لئے غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔

وزارت صحت کے بموجب  حجاج کرام میں مناسک حج کے اختتام  کے بعد کورونا کے اثرات اور علامات کا معائنہ  کرنے  کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ فریضہ حج کے بعد بھی وہ کورونا سے محفوظ رہ سکیں ۔

حج کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل برائے سیکیورٹی امور میجر جنرل خالد بن قرار الحربی نے کہا ہے کہ مناسک حج کے لیے صرف ان عازمین کو اجازت دی گئی ہے جو ویکسین لگوا چکے ہیں۔خیال رہے کہ اس مرتبہ  سعودی عرب کے مقامی شہریوں اور مملکت میں موجود دوسرے ممالک کے 60ہزارمسلمان فریضہ حج ادا کررہے ہیں۔ کورونا بحران سے قبل 2019میں25 لاکھ مسلمانوں نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔ ان میں مملکت کے اندر سے 5 لاکھ 58 ہزار حجاج شامل ہوئے تھے۔

گزشتہ برس کے بہ نسبت اس سال زیادہ افراد کو حج کی اجازت دی گئی حالانکہ ابتدامیں یہ امید کی جارہی تھی کہ شاید کورونا بحران ختم ہوجائے گا اور 2019 کی طرح اس سال معمول کے مطابق حج کا فریضہ انجام دیا جائے گا لیکن 2020 کی طرح اس سال بھی کورونا کا بحران برقرار ہے تاہم ٹیکہ اور دوا کی تیاری نے حالات کو کسی قدر بہتر بنادیا ہے۔