Thursday, May 2, 2024
Homesliderحیدرآباد میں تلنگانہ کے وزیر اوررشتہ داروں پر آئی ٹی کے چھاپے

حیدرآباد میں تلنگانہ کے وزیر اوررشتہ داروں پر آئی ٹی کے چھاپے

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ محکمہ انکم ٹیکس نے منگل کو حیدرآباد اور اس کے آس پاس تلنگانہ کے وزیر لیبرملاریڈی اور ان کے رشتہ داروں کی رہائش گاہوں اور دفاتر کی تلاشی لی۔آئی ٹی ٹیموں نے حیدرآباد اور میڈچل ملکاجگری اضلاع میں وزیر، ان کے بیٹے مہیندر ریڈی، داماد مری راج شیکھر ریڈی اور دیگر کے احاطے میں بیک وقت تلاشی شروع کی۔آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے ٹیکس چوری ونگ کی تقریباً 50 ٹیموں نے منگل کی صبح تلاشی شروع کی، جو کوم پلی کے پام میڈوز ولاز میں بھی کی گئیں۔

تقریباً 150 سے 170 عہدیدار بیک وقت تلاشیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ وہ ٹیکس چوری کے الزامات کے بعد ملا ریڈی گروپ کے ذریعہ چلائے جانے والے اداروں کے آمدنی کے ریکارڈ کی جانچ کررہے تھے۔ملا ریڈی گروپ متعدد تعلیمی ادارے چلاتا ہے جس میں ایک میڈیکل کالج، ڈینٹل کالج، ایک دواخانہ  اور ایک انجینئرنگ کالج شامل ہیں۔آئی ٹی ٹیموں نے اداروں کے اعلیٰ حکام کے دفاتر اور رہائش گاہوں کی تلاشی بھی لی۔ تلاشی کا عمل شام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی ٹی کے چھاپے ایک ایسے وقت میں مارے گئے جب تلنگانہ کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے ایم ایل اے کے غیر قانونی خریداری کے معاملے کی تحقیقات کو تیز کردیا ہے جس میں مبینہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کچھ سرکردہ لیڈران شامل ہیں۔بی جے پی کے تین مبینہ ایجنٹوں کو گزشتہ ماہ حیدرآباد کے قریب ایک فارم ہاؤس سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے چار ایم ایل ایز کو بی جے پی سے وفاداری بدلنے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ ملزم جن میں دو گاڈمین بھی شامل ہیں، اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔

ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے الزام لگایا ہے کہ انہیں بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے 250 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی تھی۔ جانچ کے ایک حصے کے طور پر ایس آئی ٹی نے بی جے پی کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش سمیت چار لوگوں کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔