Tuesday, May 14, 2024
Homesliderحیدرآباد میں موسلا دھار بارش کے بعد عوام کے مسائل پریشان کن

حیدرآباد میں موسلا دھار بارش کے بعد عوام کے مسائل پریشان کن

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ گزشتہ رات تیز اور موسلا دھار بارش نے گریٹر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں پریشانی کا ماحول بنادیا کیونکہ ہر سال بارش کی وجہ سے شہر کی جو حالت ہوتی ہے اس میں اس سال بھی کوئی فرق نہیں آیاد حالانکہ حکام نے مانسون کی آمد سے قبل نالوں کی کشادگی کا کام شروع کیا ہے لیکن بیشتر نالوں پر تعمیری کام ہنوز جاری ہے ۔دوسری جانب  پیر کو موسلادھار بارش ہوئی اور شہر میں پریشان کن حالات اپنا سر اٹھانے لگیں ہیں ۔ شہر میں تقریباً ایک گھنٹے تک موسلادھار بارش کے باعث بیشتر سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں اور شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک ٹھپ ہو گئی۔ بارش سے گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 شہر کے اہم علاقوں جیسے سکندرآباد، مادھا پور، پیراڈائیز، بیگم پیٹ، امیرپیٹ، پنجہ گٹہ، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، خیریت آباد، کوٹھی، رام نگر، حمایت نگر، ایراگڈہ، کوکٹ پلی، جیڈی میٹلہ، شاہ پور نگر اور کئی دیگر مقامات پر پیر کو شدید بارش کے بعد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ آئی ایم ڈی نے یلو الرٹ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 8 جولائی تک تلنگانہ کے کئی علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔

 رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ عادل آباد، کمارم بھیم آصف آباد، منچیریال، نرمل، نظام آباد، جگتیال، راجنا میں بھاری بارش کا امکان ہے۔ سرسیلا، کریم نگر، پیڈا پلی، ورنگل (دیہی)، ورنگل (شہری)، سدی پیٹ، سنگاریڈی اور کاماریڈی تلنگانہ کے اضلاع اس انتباہ کے دائرے میں ہیں ۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ گریٹر حیدرآباد میں مزید چند دنوں تک بارش کا امکان ہے۔ دریں اثناء حیدرآباد، میڈچل، کاماریڈی، نرمل، نظام آباد، عادل آباد، کریم نگر، ورنگل، یادادری بھواناگیری اور دیگر اضلاع میں اتوار سے موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے عملہ لوگوں کو چوکنا  کر رہے ہیں کیونکہ شدید بارش کی توقع ہے۔