Friday, May 17, 2024
Homesliderحیدرآباد کو صد فیصد ٹیکہ اندازی کا شہر بنانے کی مہم  

حیدرآباد کو صد فیصد ٹیکہ اندازی کا شہر بنانے کی مہم  

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ حیدرآباد کو صدفیصد کورونا سے محفوظ بنانے کےلئے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور محکمہ صحت کی جانب سے شہر میں باقاعدہ مہم چلائی جارہی  اور ان تمام افراد کو ٹیکہ اندازی میں شامل کیا جائے گا جنہوں نے اب تک کورونا ویکسین نہیں لی ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی اور دیگر عہدیداروں کو چیف سکریٹری سومیش کمار نے گریٹر حیدرآباد کو صدفیصد ٹیکہ اندازی کے شہر میں تبدیل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

 پیر سے کم از کم 10 دن تک عہدیدار گھر گھر پہنچ کر سروے کریں گے اور اس بات کا پتہ چلائیں گے کہ ٹیکہ اندازی میں حصہ نہ لینے والے افراد کی تعداد کتنی ہے۔ ایسے افراد کیلئے ٹیکہ اندازی کا انتظام کیا جائے گا۔عہدیداروں نے کہا ہے  کہ محکمہ جات صحت ، جی ایچ ایم سی اور کنٹونمنٹ بورڈ کے عہدیدار مشترکہ طور پر ویکسین کی مہم گریٹر حیدرآباد اور کنٹونمنٹ کے حدود میں چلائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں موجود 4846 کالونیوں اور بستیوں کے علاوہ کنٹونمنٹ کے 360 علاقوں اور کالونیوں میں یہ خصوصی مہم مکمل  کی  جائے گی۔

 گریٹر حیدرآباد میں ابھی تک 70 فیصد سے زائد 18 سال سے زائد عمر کے افراد نے کورونا کا پہلا ٹیکہ حاصل کرلیا ہے۔ عہدیدار باقی افراد کی ٹیکہ اندازی کے ذریعہ صد فیصد ویکسنیشن کو یقینی بنائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 175 خصوصی گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے جن میں طبی عملہ رہے گا جو دیگر افراد کی ٹیکہ اندازی کو مکمل  کرنے میں اپنی خدمات  انجام دیے گا ۔ کنٹونمنٹ کے حدود میں 25 خصوصی گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ آئندہ د س تا پندرہ دن تک یہ خصوصی مہم جاری رہے گی۔جی ایچ ایم سی کے علاوہ آشا ورکرس ، آنگن واڑی ورکرس، انٹمالوجی سے وابستہ عہدیدار اس ٹیم میں شامل رہیں گے۔ ویکسین حاصل کرنے والے افراد کو ایک سند حوالے کی جائے گی۔ صحت مند حیدرآباد کے نعرہ کے تحت شہر کو صد فیصد ویکسنیشن میں تبدیل کرنے کیلئے عوامی نمائندوں سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ حیدرآباد، رنگاریڈی، میڑچل، سنگاریڈی اضلاع کے کلکٹرس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔