Monday, April 29, 2024
Homeتازہ ترین خبریںحیدرآباد میں ٹریفک جام اور خستہ حال سڑکوں کے مسائل کے حل...

حیدرآباد میں ٹریفک جام اور خستہ حال سڑکوں کے مسائل کے حل کے لئے حکومت کا اولا سے معاہدہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔19مارچ ۔  حیدرآباد کی ٹریفک جام کا مسئلہ اور خستہ حال سڑکوں کی وجہ سے عوام کو کافی پریشانی اٹھانی پڑتی ہے لیکن اب عوام کو کسی قدر راحت نصیب ہو گی کیونکہ تلنگانہ حکومت نے اولا کمپنی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت اولا گاڑیوں کی رفتار کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا اور اس ڈیٹا کی بنیاد پر سڑکوں کو بہتر بنانے اور ان کی خستہ حال  سڑکوں کو درست کرنے کا کام کیا جائے گا ۔یہاں اس بات کا تذکرہ اہم ہے کہ حیدرآباد اور سکندرآباد کی سڑکوں پر اولا کمپنی کی سینکڑوں کاریں اور آٹوز عوام کی خدمت کرتے ہیں اور یہ شہر کی تقریبا تمام سڑکوں پر چلتے ہیں ۔

اولا کی کاروں  اور دیگر گاڑیوں میں میٹر نصب ہوتا ہے جو کہ شہر حیدرآباد کی مختلف سڑکوں پر گاڑی کی رفتار کو ریکارڈ کرتا ہے لہذا تلنگانہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ گاڑیوں میں موجود میٹر کے ڈیٹا  کے حصول کے بعد اس کا تجزیہ کیا جائے کہ شہر کی کن سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار بہتر ہے اور کن سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار سست ہوتی ہے اور گاڑیوں کی رفتار سست ہونے کی دو بنیادی  وجوہات ہیں۔ جن میں اول سڑکوں پر ٹریفک جام اوردوسری وجہ  خستہ حال سڑکیں ہیں ۔ان وجوہات پر کام کیا جائے گا تاکہ جہاں سڑکوں کی کشادگی کی ضرورت ہو وہاں نئے منصوبے کے تحت اقدمات کئے جائیں اور جہاں سڑکیں خستہ حال  ہوں ان کی درستگی اور مرمت کی جائے تاکہ ٹرافی کا بہاؤ بہتر ہو۔ حیدرآباد کی سڑکیں بہتر ہوں اس کے لئے  اولا کمپنی اور تلنگانہ حکومت کے درمیان ایک معاہدہ  ہاہمی مفاہمت یادداشت دستخط ہوا ہے ۔

اس معاہدے کے بعد جی ایچ ایم سی اورآر اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ بھی اس خصوص میں اپنی خدمات انجام دے گا ۔ دریں اثنا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیف سیکریٹری جیش رنجن نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے تحت سب سے پہلے کام سائبر آباد کے علاقوں میں کیا جائے گا جس کے بعد اس پروجیکٹ کو حیدرآباد کے دیگر علاقوں میں بھی وسعت  دی جائے گی ۔ علاوہ ازیں اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے اولا کے ریجنل صدر سندیپ اوپادھیا نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کے ساتھ معاہدہ کر کے انھیں خوشی ہو رہی ہے اور وہ تلنگانہ حکومت  کے تعاون کے ساتھ حیدرآباد کی سڑکیں اور ٹریفک انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں اپنا رول ادا کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اولا گزشتہ چھ برسوں سے حیدرآباد کی مختلف سڑکوں پر اپنی گاڑیاں چلارہی ہے اور اور ان گاڑیوں کا مواد اور تفصیلات جمع کیا ہوا ہے کیونکہ اس دوران ان کی گاڑیاں حیدرآباد میں کئی ملین کلومیٹرس کی مسافت طے کر چکی ہیں اور جو ڈیٹا دستیاب ہوا ہے اس سے حیدرآباد کے انفراسٹرکچر اور خاص کر سڑکوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔