Monday, May 20, 2024
Homeاسپورٹسدلبرداشتہ رائیڈو کی کرکٹ سے سبکدوشی اورگمبھیرکی تنقید

دلبرداشتہ رائیڈو کی کرکٹ سے سبکدوشی اورگمبھیرکی تنقید

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ ورلڈ کپ میں دو مرتبہ زخمی کھلاڑیوں کے مقام پر ٹیم میں شامل نہ کئے جانے کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین امباٹی رائیڈو دلبرداشتہ ہوکر تمام طرز کی کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کرلی ہے تاہم انہوں نے اپنی سبکدوشی کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی۔

33 سالہ امباٹی رائیڈو جن کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے، انہوں نے وجئے شنکر کے زخمی ہوکر ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد بھی ٹیم میں شامل نہ کئے جانے سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔ شنکر کے زخمی ہوکر ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد ان کے متبادل کے طور پر دوسرے اوپنر مینک اگروال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے حالانکہ حیدرآباد، بروڈہ، آندھرا اور ودربھا کی ٹیموں کی نمائندگی کرنے والے بین الاقوامی سطح پر بھی ہندوستان کیلئے کامیاب مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو منوانے والے امباٹی رائیڈو کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

رائیڈو جنہوں نے 55 ونڈے مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے، اور 47.05 کی اوسط سے 1,694 رنز اسکور کئے ہیں، ورلڈ کپ کے آغاز سے چند ماہ قبل کپتان ویراٹ کوہلی نے امباٹی رائیڈو کو نمبر 4 کیلئے بہترین بیٹسمین قرار دیا تھا لیکن ورلڈ کپ میں انہیں شامل نہیں کیا گیا حالانکہ امید کی جارہی تھی کہ شکھر دھون کے بعد جب وجئے شنکر بھی زخمی ہوکر ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے تو رائیڈو کو موقع دیا جائے گا لیکن حیران کن طور پر مڈل آرڈر کے بجائے اوپنر اگروال کو شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ میگا ایونٹ میں لوکیش راہول اور روہت شرما کی جوڑی کامیاب آغاز فراہم کررہی ہے۔

ورلڈ کپ ٹیم میں شامل نہ کئے جانے کے بعد دلبرداشتہ ہوکر سبکدوشی کا اعلان کرنے والے رائیڈو کے واقعہ پر ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر نے سلیکشن پیانل پر شدید تنقید کی ہے۔ گمبھیر نے ایم ایس کے پرساد کی قیادت میں موجود پانچ سلیکٹروں کی کمیٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رائیڈو نے جتنے رنز اپنے مختصر کریر میں اسکور کئے ہیں، اتنے رنز سلیکشن پیانل کے پانچ سلیکٹروں نے مجموعی طور پر اسکور نہیں کئے ہیں۔

کرکٹ لائیو پر اظہار خیال کرتے ہوئے گمبھیر نے کہا کہ میرے حساب سے رواں ورلڈ کپ میں سلیکٹروں نے مکمل مایوس کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ رائیڈو نے سبکدوشی کا فیصلہ کیا۔ رائیڈو کے فیصلے سے اندازہ ہوتا ہے کہ سلیکٹروں کے فیصلوں کی صلاحیت کیا ہے۔ گمبھیر نے رائیڈو کی سبکدوشی کے فیصلے کو ہندوستانی کرکٹ کیلئے مایوس کن لمحہ قرار دیا۔