Saturday, April 27, 2024
Homesliderدلت طالب علم کوسخت سزا دینے سے موت ، خاطی ٹیچر فرار

دلت طالب علم کوسخت سزا دینے سے موت ، خاطی ٹیچر فرار

- Advertisement -
- Advertisement -

اوریا (اتر پردیش)۔ اتر پردیش کے اوریا ضلع میں ایک سرکاری اسکول کے استاد کو معطل کردیا گیا ہے اور اس نے مبینہ طور پر ایک 15 سالہ دلت طالب علم کو مارا پیٹا، جو بعد میں اندرونی زخموں کی وجہ سے مرگیا ، پولیس نے تفصیلات   بتائی ۔یہ واقعہ 13 ستمبر کو پیش آیا جب دسویں جماعت کے طالب علم نے کلاس ٹسٹ میں غلطی کی تھی۔پیر کو اٹاوہ کے سیفائی میں واقع اترپردیش یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کو علاج کے لیے منتقل کرنے کے دوران ایمبولینس میں ہی طالب علم کی موت ہوگئی۔ملزم استاد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جو کہ مفرور ہے۔اطلاعات کے مطابق اوریا کے ویشولی گاؤں کا متاثرہ نکھیت کمار، ضلع کے اچھلدا تھانے کے تحت فان فوڈ روڈ پر واقع آدرش انٹر کالج میں پڑھتا تھا۔

اس کے والد راجو ڈوہرے نے کہا13 ستمبر کو سوشل سائنس کے استاد اشونی سنگھ نے کلاس ٹسٹ کا انعقاد کیا۔ میرے بیٹے نے او ایم آر شیٹ میں ایک کے بجائے دو ڈبوں کو سیاہ کردیا اور سماجک (سماجی) کے بجائے ‘سماجی ک لکھا۔ اشونی سنگھ جس نے میرے بیٹے کو بالوں سے پکڑ کربے رحمی سے مارا یہاں تک کہ وہ بے ہوش ہوگیا اور اسکول میں ہی زمین پرگرگیا۔

اسے  خانگی دواخانہ لے جانے کے دوران ہوش آیا لیکن سانس لینے میں دشواری ہوئی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ اسے  اندرونی چوٹیں آئی ہیں۔ درمیان میں اس کا کئی دواخانوں میں علاج کیا گیا۔ پیر کو انہیں سیفائی لے جایا جا رہا تھا لیکن ایمبولینس میں ہی دم توڑ گیا۔مزید تفصیلات بتاتے ہوئے راجو نے کہا جب ہمیں مار پیٹ کا علم ہوا تو ہم اسکول پہنچے، ہمیں ٹیچر کی طرف سے دھمکیاں دی گئیں، بعد میں جب ہم نے احتجاج کیا تو کالج کے پرنسپل نے مداخلت کی اور ہمیں یقین دلایا کہ ٹیچر اشونی سے پوچھ  ہوگی ۔ طبی علاج اٹاوہ کے ایک خانگی دواخانہ میں ہوا  اور 40,000 روپے کا خرچ ٹیچر نے برداشت کیا۔

ہماری بات چیت کے دوران، ٹیچر نے ہمارے ساتھ بدتمیزی کی اور ذات پات کی گالی گلوچ کی۔ اس کے بعد ہم پولیس اسٹیشن گئے اور 24 ستمبر کو اس کے خلاف رپورٹ درج کروائی، بعد میں ہم بچے کو گھر لے آئے لیکن اس کی حالت دیکھ کر پولیس نے اسے علاج کے لیے سیفائی لے جانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

اوریا سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چارو نگم نے کہا کہ ٹیچر کے خلاف آئی پی سی کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایس پی نے مزید کہا کہ مفرور استاد کی گرفتاری کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اوریا ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکولس چندرشیکھر مالویہ نے کہا کالج انتطامیہ  کو ٹیچر کو معطل کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔