Monday, May 20, 2024
Homesliderدلیپ کمار کا انتقال ، ایک عہد کا خاتمہ ،عصر کے بعد...

دلیپ کمار کا انتقال ، ایک عہد کا خاتمہ ،عصر کے بعد نماز جنازہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔جولائی کی 7 تاریخ شاید بالی ووڈ کبھی بھول نہیں پائے گا کیونکہ آج فلمی دنیا کے ایک عظیم اداکار محمد یوسف خان عرف دلیپ کمار نے دنیائے فانی کو خیر باد کہہ دیا ۔بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے انتقال کی خبر نے نہ صرف بالی ووڈ یا سیاسی حلقوں میں غم کی ایک لہر دوڑا دی بلکہ سارا ہندوستان ہی مایوس دیکھائی دے رہاہے ۔دلیپ کمار کے انتقال پر وزیراعظم نریندر مودی  کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین بالی ووڈ کے علاوہ  فلموں دنیا  سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

خاندانی ذرائع نے کہا ہے کہ  شہنشاہ جذبات سے شہرت پانے والے  محمد یوسف خان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر ممبئی کے شانتاکروز علاقے میں ادا کی جائے گی اور تدفین شام 5 بجے جوہو قبرستان میں عمل میں لائی جائے گی۔ آج صبح  تقریباً صبح ساڑھے سات بجے یوسف خان کا مختصر سی علالت کے بعد ممبئی کے ہندوجا ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا۔

اداکار دلیپ کمار کی عمر 98 سال تھی اور ان کا اصل نام محمد یوسف خان تھا گذشتہ چند دنوں سے سانس لینے میں تکلیف کے باعث ہاسپٹل میں شریک تھے اور آج علاج کے دوران انہوں نے ہاسپٹل میں ہی آخری سانس لی۔دلیپ کمار کی پیدائش 11 دسمبر 1922 کو پاکستان کے پشاور میں ہوئی تھی پشاور کے محلہ خداداد میں لالہ غلام سرور کے ہاں پیدا ہوئے۔ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ 1935 میں ممبئی  کاروبار کے سلسلے میں منتقل ہوئے تھے ۔فلمی دنیا میں داخلے اور یہاں کی حکمرانی حاصل کرنے سے پہلے وہ پھلوں کے سوداگر تھے اور انہوں نے پونا کی فوجی کینٹین میں پھلوں کی ایک اسٹال شروع کی تھی۔ 1966میں انہوں نے اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی لیکن ان کی کوئی اولاد نہیں ہے ۔

دلیپ کمار کو بے شمار اعزازات سے نوازا گیا وہاں انھیں ہندوستانی  فلم دنیا  کا سب سے بڑا اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ  بھی دیا گیا۔ ہندوستان  کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز 2015 میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ہندوستان کے علاوہ پاکستان  حکومت کی طرف سے 1998 میں ان کو پاکستان کے سب سے بڑے اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔