Monday, April 29, 2024
Homesliderدکن چارجرس کو آئی پی ایل سے ہٹانے پر بی سی سی...

دکن چارجرس کو آئی پی ایل سے ہٹانے پر بی سی سی آئی پر 4800کروڑ کا جرمانہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد: ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی ابتدائی 8 ٹیموں میں سے ایک دکن چارجرس کو آئی پی ایل سے باہر کرنا مہنگا پڑگیا ہے اور اب اس پر4800 کروڑ روپئے کا جرمانہ عائدکیا گیا ہے۔ اس معاملے میں عدالت کے ذریعہ مقررآربیٹریٹر نے بی سی سی آئی کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے 4800کروڑکا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ یہ معاملہ 2012 کا ہے ۔

دکن چارجرس نے2009 میں آئی پی ایل کا خطاب جیتا تھا اور اس وقت ٹیم کے کپتان آسٹریلیائی سابق کپتان ایڈم گلکرسٹ تھے ۔ خیال رہے کہ2008 میں دکن چارجرس ابتدائی سیزن کی آٹھ ٹیموں میں سے ایک ٹیم تھی جو2012 تک آئی پی ایل میں رہی۔ دکن چارجرس کا مالکانہ حق پہلے انگریزی اخبار دکن کرانکلس ہیلڈنگس کے پاس تھا۔ حیدرآبادکی اس ٹیم کو 15 ستمبر 2012 میں آئی پی ایل سے باہرکردیا گیا تھا۔ اس کے بعد سن ٹی وی نیٹ ورک نے حیدرآباد فرنچائزکی بولی جیتی اور پھر سن رائزرس حیدرآباد ٹیم آئی پی ایل میں آگئی۔ دکن کرانکلس ہیلڈنگس نے اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کی تھی۔

ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے ریٹائر جج سی کے ٹھکر کو آٹھ سال پہلے آربیٹریٹر مقررکیا تھا۔ آربیٹریٹر نے اپنا فیصلہ دکن کرونکلس ہیلڈنگ کے حق میں دیا۔آربیٹریٹر نے بی سی سی آئی پر4800 کروڑ کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ اس کے ساتھ بورڈ کو 2012 میں معاملہ شروع ہونے کے بعد سے ہر سال کے لئے دس فیصد سود اور پچاس لاکھ روپئے کی فیس بھی دینی ہوگی۔ اس درمیان بی سی سی آئی کے عبوری سی ای او ہیمانگ امین نے کہا کہ انہیں اس فیصلہ کی کاپی نہیں ملی ہے اور اسے پڑھنے کے بعد ہی بی سی سی آئی آگے کی کارروائی طے کرے گا۔