Monday, May 13, 2024
Homesliderدھون کے بجائے راہول کو کپتان بنانے پر شائقین ناراض

دھون کے بجائے راہول کو کپتان بنانے پر شائقین ناراض

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ ٹیم کے اوپنرکے ایل راہول کو بھلے ہی ان فٹ ہونے کے بعد دورہ زمبابوے کے لیے ہندوستانی ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہو لیکن وہ اب بھی اپنی کپتانی میں پہلی جیت کا انتظار کر رہے ہیں جبکہ شکھر دھون ہندوستان کے کامیاب کپتانوں میں سے ایک ہیں اور انہیں پہلے اس دورے میں ٹیم کی قیادت کرنی تھی حالانکہ انہوں نے اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے دورہ پر ہندوستان کی ونڈے اور ٹی 20 سیریز میں ٹیم کی کامیاب قیادت کی ہے ۔بی سی سی آئی کی جانب سے راہول کو کپتان بنائے جانے کے بعد مداحوں نے بورڈ کے اس فیصلے پر شدید تنقید کی ہے ۔

 کرکٹ بورڈ نے روہت شرما کے ساتھ تینوں فارمیٹس میں راہول کو نائب کپتان رکھا ہے اور اس لیے ان کے فٹ ہونے پر انہیں زمبابوے کے دورے کے لیے دھون کی جگہ کپتانی سونپی گئی لیکن ہندوستان کو ان چاروں بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جن کی قیادت راہول اب تک کر چکے ہیں۔ ان میں ایک ٹسٹ اور تین ونڈے انٹرنیشنل شامل ہیں۔ دوسری جانب دھون نے چھ ون ڈے میچوں میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی ہے جس میں سے ٹیم نے پانچ میچ جیتے ہیں۔ اس کے علاوہ دھون نے تین ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میچوں میں بھی کپتانی کی ہے جس میں ان کا ریکارڈ ایک جیت اور دو میں شکست ہے۔

 دھون نے گزشتہ سال جولائی میں پہلی بار ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کی تھی۔ وہ ویسٹ انڈیز کے حالیہ ونڈے ٹور میں ٹیم کے کپتان بھی تھے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف جہاں ہندوستانی ٹیم نے تین ونڈے میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کیا وہیں سری لنکا کے خلاف سیریز 2-1 سے جیت لی۔ گزشتہ سال ہندوستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-2 سے ہارگئی تھی۔ راہول نے اس سال جنوری میں جنوبی افریقہ کے دورے میں روہت شرما کی غیر موجودگی میں پہلی بار ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی تھی۔ ان کی قیادت میں ہندوستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے تینوں ونڈے میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

اس دورے کے دوسرے ٹسٹ میں اس وقت کے کپتان ویرات کوہلی کے پوری طرح فٹ نہ ہونے کی وجہ سے راہول کو ٹسٹ کرکٹ میں پہلی بارکپتانی ملی، لیکن ہندوستان یہ میچ سات وکٹوں سے ہارگیا۔ راہول نے اس سال فروری کے بعد کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا ہے۔ انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کھیلنا تھا لیکن وہ نہیں کھیل سکے کیونکہ ان کا کوویڈ 19 کا ٹسٹ مثبت آیا۔