Wednesday, May 8, 2024
Homeبین الاقوامیدھوکہ بازوں نے زمزم کو بھی نہیں بخشا، رمضان میں نقلی زمزم...

دھوکہ بازوں نے زمزم کو بھی نہیں بخشا، رمضان میں نقلی زمزم کی فروخت

- Advertisement -
- Advertisement -

ریاض  ۔سعودی عرب میں رمضان المبارک میں مانگ اور استعمال میں اضافے کی وجہ سے نقلی زمزم بھی فروخت میں اضافہ ہوجاتا ہے اور کچھ لوگ سڑکوں کے کنارے ملاوٹی اور نقلی زمزم فروخت کرتے ہیں   اور عوام آسانی اور سہولت کی خاطر زمزم خریدنے کیلئے پلانٹ جانے کے بجائے سڑک پر بیچنے والوں سے خریدلیتے ہیں ۔ سڑک پر فروخت ہونے والا زمزم ملاوٹ شدہ ہوتا ہے ۔ جعل ساز زمزم کے ساتھ عام پانی کی ملاوٹ کرتے ہیں۔ غذا اور دوا بورڈ نے ٹویٹر پر اپنے اکائونٹ میں کہا ہے کہ ان کی تفتیشی ٹیموں نے گزشتہ دنوں مشرقی علاقے  میں نقلی زمزم فروخت کرنے والوں کو گرفتار کیا ہے۔ یہ دھوکہ باز ملاوٹی زمزم فروخت کررہے تھے۔ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں ملاوٹی زمزم کے کین برآمد کیے گئے ۔ اسی طرح ریاض، دمام اور دیگر شہروں میں بھی ملاوٹی زمزم فروخت کرنے کا کاروبارعروج پر ہے ۔مکہ اور مدینہ سے دور علاقوں میں یہ کاروبار خاص طور پر چمک رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مکہ اورمدینہ سے دور دراز علاقوں میں جہاں آسانی کے ساتھ خالص زمزم دستیاب نہیں ہوتا وہاں ملاوٹی زمرم کی  فروخت کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں ۔ زمزم پلانٹ انتظامیہ نے مکہ، جدہ اور مدینہ میں زمزم کی سربراہی  کرنے کے ادارے قائم کررکھے ہیں ۔ یہاں افراد خانہ کی تعداد کے حساب سے انہیں زمزم فراہم کیا جاتا ہے۔ ایک افراد خاندان میں فی شخص 2 کین لیے جا سکتے ہیں ۔ پندرہ دن بعد پھر دوبارہ زمزم حاصل کیا جاسکتا ہے ۔

مکہ، مدینہ اور جدہ  کے رہائشیوں کیلئے زمزم کا حصول آسان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان علاقوں میں ملاوٹی زمزم کے کاروبار کا رواج نہیں ہے۔ زمزم انتظامیہ اس بات پر زور دیتی ہے کہ پلانٹ سے حاصل کئے جانے والے کین ذاتی استعمال کے لئے ہوں ۔ انہیں فروخت کرنا منع ہے۔اصلی زمزم ایک خاص شکل و صورت کے کین میں سربمہر ہوتا ہے جبکہ ملاوٹی زمزم سادہ کین میں دستیاب ہوتا ہے۔ ماہ صیام میں عام مسلمان کی کوشش ہوتی ہے کہ اس کی افطار کھجور اور زمزم  سے ہو۔ اسی وجہ سے ہر گھر میں زمزم کے کین کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انتظامیہ زمزم کی اضافی طلب کو پورا کرنے کیلئے رمضان میں خصوصی اقدامات کرتی ہے ۔ اس کے لیے پیداوار میں اضافہ اور ڈیوٹی اوقات میں بھی تبدیلی کی جاتی ہے۔