Sunday, May 19, 2024
Homesliderدہلی اور کولکتہ کے درمیان آج فائنل میں رسائی کا مقابلہ

دہلی اور کولکتہ کے درمیان آج فائنل میں رسائی کا مقابلہ

- Advertisement -
- Advertisement -

شارجہ۔ دہلی کیپیٹلز اور کولکتہ نائیٹ رائیڈرس چہارشنبہ کو منعقد ہونے والے دوسرے کوالیفائر میں آئی پی ایل فائنل میں رسائی کی کوشش کریں گے اور فاتح ٹیم جمعہ کو فائنل میں چینائی سوپرکنگز کا سامنا کرے گی۔دہلی کیپیٹلزکو پہلے کوالیفائر میں چینائی کے خلاف چار وکٹوں سے شکست کاسامنا کرنا پڑا جبکہ کولکتہ نے ایلیمینیٹر میں رائل چیلنجرز بنگلورکو چار وکٹوں سے شکست دی۔ پہلا کوالیفائر ایک بڑا اسکورروالا مقابلہ تھا جبکہ کولکتہ نے آخری اوورمیں دوگیندوں پر ایلیمینیٹر میں138 رنز حاصل کرنے کی جدوجہد کی۔

ان دونوں میچوں میں ایک مماثلت تھی کہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چینائی اورکولکتہ19.4 اوورز میں جیت گئے ۔اب دوسرے کوالیفائر میں کولکتہ کو دہلی کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا جس نے پہلے کوالیفائر میں جیتنے کا موقع گنوا دیا تھا۔ دہلی کے کپتان رشبھ پنت نے میچ کے بعد اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ دوسرے کوالیفائر میںاپنی ٹیم کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے اور ان سے سیکھنے اور جیتنے کی پوری کوشش کریں گے ۔کولکتہ نے بنگلور کو شکست دینے کے لیے اپنی پوری کوششیں کیں اور ان کی فتح کے ہیروکیریبین آل راؤنڈرسنیل نارائن تھے جنہوں نے بنگلور کو چھوٹے اسکور تک محدود رکھنے کے لیے پہلے صرف21 رنزکے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور پھر لگاتار تین چھکے لگا کر محض 15 گیندوں میں 26 رنز بنائے اور کامیابی کو آسان کردیا ۔

دہلی کو نارائن اور کولکتہ کے ایک اور اسپنر ورون چکرورتی سے ہوشیار رہنا ہوگا جو ان کے بیٹسمینوں کو اپنے جال میں پھنساتے ہیں اور انہیں غلطیاں کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ کولکتہ میں بنگلہ دیش کے ٹاپ آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی تیسرے اسپنر کے طور پر موجود ہیں ، جنہوں نے بنگلور کے خلاف آخری اوور میں چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا تھا۔جہاں کولکتہ کے پاس اچھے اسپنر ہیں، دہلی کے پاس ایک اچھا فاسٹ بولنگ شعبہ ہے اور دو اچھے اسپنر روی چندرن اشون اور اکشر پٹیل ہیں۔ دہلی کے ٹاپ اسکورر شکھر دھون پہلے کوالیفائر میں جلدآؤٹ ہوئے لیکن وہ اس کرویامرو میچ میں بڑے میچ کے کھلاڑی کی حیثیت سے اپنی ساکھ برقرار رکھنا چاہیں گے ۔ پرتھوی شا نے گزشتہ میچ میں ایک نصف سنچری اسکورکی تھی اور وہ یہاں بھی اس فارم کو برقرار رکھنا چاہیں گے ۔ کپتان پنت کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ خراب شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ نہ گنوائے ۔

مورگن نے کہا ہےکہ نارائن نے اچھی بولنگ کی۔ پاور پلے میں چیزیں ہمارے حق میں نہ آنے کے بعد ہم نے اچھی واپسی کی۔ دوسری اننگز میں ہم نے ہمیشہ میچ پر اپنی گرفت قائم رکھی جو ہمارے کام آئی۔ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ تین عالمی معیارکے اسپنرس ہمارے ساتھ ہیں۔ پچ جس طرح کھیل رہی تھی ہم جانتے تھے کہ ہمیں بیٹنگ کے لیے گہرائی کی ضرورت ہے ۔ ہمارے لیے اگلے میچ میں بھی ہمیں اپنے کھیل کو پچ کو دیکھ کر ڈھالنا ہوگا۔ ہم نے جس مستقل مزاجی کا مظاہرہ کیا ہے اس نے سب کو حیران کردیا ہے ۔