Friday, May 17, 2024
Homesliderدہلی میں جمعہ کی رات سے پیر کی صبح تک کرفیو کا...

دہلی میں جمعہ کی رات سے پیر کی صبح تک کرفیو کا آغاز

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ دہلی میں کافی تیزی سے بڑھ رہے کورونا انفیکشن کے پھیلنے کو روکنے کے لئے آج رات دس بجے سے ہفتے کے آخری دو دنوں میں کرفیو نافذ ہوجائے گا۔دہلی میں جمعہ کی رات دس بجے سے پیر کی صبح پانچ بجے تک کے لئے ہفتے کے آخر میں کرفیو لگانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔

دارالحکومت میں کورونا انفیکشن کی روک تھام کے لئے دہلی حکومت کی جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق ہفتے کے آخر میں کرفیو کے دوران لازمی خدمات میں شامل افراد کے علاوہ شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والوں کے لئے بھی کرفیو پاس جاری کئے جائیں گے ۔ اس دوران ، دہلی میں آڈیٹوریم ، مال ، جم اور اسپا مکمل طور پر بند ہوجائیں گے ۔ تھیٹروں کو30 فیصد صلاحیت کے ساتھ چلنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ ضروری خدمات سے وابستہ افراد کوکرفیو پاس جاری کئے جائیں گے ۔ لوگوں کو ریستورانوں میں بیٹھ کر کھانا کھانے سے منع کیا جائے گا اور صرف گھرکھانا لے جانے کی اجازت ہوگی۔

چیف منسٹر اروند کیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے ۔ملک کی دیگر بہت سی ریاستوں کی طرح دارالحکومت دہلی میں بھی کورونا انفیکشن بہت تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ دہلی میں جمعرات کوکورونا انفیکشن کے 16699 نئے معاملات رپورٹ ہوئے جبکہ 112 افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ۔

دریں اثنا دہلی حکومت نے دارالحکومت میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کو قابو کرنے کے لئے نائب چیف منسٹر منیش سسوڈیا کو کووڈ 19 انتظامیہ کا نوڈل وزیر مقررکیا ہے ۔اس سلسلے میں چیف منسٹر اروندکیجریوال نے ایک حکم نامہ پر دستخط کردیئے ہیں ، جس کے مطابق سسودیا اب دارالحکومت میں کووڈ19 مینجمنٹ کے نوڈل وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے اور اگلے احکامات تک بین وزارتی رابطہ کی ذمہ داری بھی نبھائیں گے ۔