Friday, May 17, 2024
Homesliderدہلی میں عوامی مقامات پر ہولی منانے پر پابندی

دہلی میں عوامی مقامات پر ہولی منانے پر پابندی

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کورونا کے معاملا ت میں اضافہ کے مدنظردہلی میں لاک ڈاون کے اندیشے سے انکار کرتے ہوئے عوام سے ہولی کے تہوارکو عوامی مقامات پر نہ منانے کی اپیل کی اور کہا کہ اس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 جین نے کہاکہ ہولی کا تہوار اپنے خاندان میں خوشی کے ساتھ منائیں۔ ایسے پروگرام نہ کریں جن سے مسائل پیدا ہو جائیں ۔ عوامی طورپر ہولی منانے والوں پر قانونی کارروائی کرنے کے لئے تمام اضلاع میں ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ دہلی میں لاک ڈاون کے اندیشے سے انکار کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ لاک ڈاون کورونا کا حل نہیں ہے ۔ ہم لاک ڈاون لگاکر دیکھ چکے ہیں لیکن کورونا پوری طرح سے ختم نہیں ہوسکا۔ ہم کورونا کو قابو کرنے کے لئے ہر روز 90 ہزار تک ٹسٹ کررہے ہیں ۔ دہلی میں باہر سے آنے والے لوگوں کا معائنہ کرنے کے لئے ریلوے اسٹیشن اور ایرپورٹ پر رانڈم ٹیسٹنگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے دہلی کے عوام سے اپیل کی کہ کورونا کے معاملات میں اضافہ کی ٹھوس وجہ کا پتہ نہیں ہے ، اس لئے ہمیں ماسک لگانے سمیت بچاو کے تمام اقدامات پر صدفیصد عمل کرنا چاہئے ۔

وزیر صحت نے کہا کہ دہلی میں جمعہ کو کورونا کے 1534نئے معاملات سامنے آئے تھے اور یہ شرح 1.8فیصد رہی ہے ۔ دہلی میں گزشتہ کچھ دنوں سے 1.75فیصد مثبت معاملات کی شرح چل رہی ہے ۔ دہلی میں اس وقت پہلے سے کسی قدر زیادہ کورونا کے معاملات آرہے ہیں۔ دہلی میں کورونا کو قابو میں کرنے کے لئے ٹسٹ کی تعداد بہت زیادہ بڑھا دی گئی ہے ۔ دہلی میں اب یومیہ 85 سے 90ہزار افراد کا معائنہ کیا جارہا ہے جو ملک کی اوسط جانچ شرح سے تقریباً پانچ گنا زیادہ ہے ۔ ہم قرنطینہ بھی کررہے ہیں اور کنٹیکٹ ٹریسنگ بھی کررہے ہیں جو بھی مثبت معاملے آرہے ہیں ان کو قرنطینہ کرنے کے علاوہ ان کے رابطہ میں آنے والے30 افراد کو تلاش کیا جارہا ہے تاکہ کورونا کو جلد قابو میں کیا جاسکے ۔