Friday, May 17, 2024
Homesliderدہلی میں لاک ڈاؤن کے بعد مزدوروں کی نقل مکانی تیز

دہلی میں لاک ڈاؤن کے بعد مزدوروں کی نقل مکانی تیز

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ دہلی میں لاک ڈاؤن کے پہلے دن منگل کومصروف ترین بازار سنسان رہے اور ریلوے اور بس اسٹیشنوں پرمہاجر مزدوروں کا ہجوم دیکھا گیا ۔چیف منسٹر اروند کیجریوال کی جانب سے پیرکو لاک ڈاؤن کا اعلان کرنے کے بعد ہی مہاجر مزدوروں کا بڑاہجوم آنند بہار بس اسٹیشن ، ریلوے اسٹیشن اور بین ریاستی بس مرکز پر دیکھی گئی جو مسلسل بڑھتی ہی جارہی ہے ۔ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھی بڑی تعداد میں مزدور اپنی اپنی ریاستوں کو واپس جانے کے لئے جمع ہوئے تھے ۔دہلی میں کورونا معاملات میں اضافے کے بعدکیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل سے اجلاس کے بعد اگلی پیر کی صبح 5 بجے تک کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا اور مزدوروں سے اپنے گھروں کو واپس نہ جانے کی اپیل کی تھی ۔

چیف منسٹرکے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد آنند بہار، کوشمبی بس اسٹیشن میں عوام کی کثیر تعدادجمع ہو گئی اور کوویڈ کے ضابطوں پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا تھا ۔ زیادہ تر عوام نے کہا ہے کورونا وبا پر قابو کے بعد ہی وہ سبھی دہلی لوٹیں گے ۔ کچھ فیکٹریوں کے بند ہونے کے بعد مزدور واپس اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے ۔

دارالحکومت کے مصروف ترین کناٹ پلیس میں بھی آج دکانیں بند رہیں اور سڑکیں سنسان رہی ۔ جگہ جگہ پر سکیورٹی عہدیداروں کو تعینات کردیا گیا ہے جو آنے جانے والے لوگوں کا معائنہ کر رہے تھے ۔ کئی تجارتی تنظیموں نے خود ہی بند کا اعلان کیا ہے، جن میں پرانی دہلی کا چاندنی چوک ، کھاری باولی ، صدر بازار اور گاندھی نگر وغیرہ شامل ہیں ۔ قومی دارالحکومت میں پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو خدمات جاری ہیں ، لیکن ان میں محدود تعداد میں لوگوں کو آنے جانے کی اجازت ہے ۔دہلی میں لاک ڈاؤن کے دوران لازمی خدمات میں اشیائے خوردنی اور طبی خدمات کو مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔ اس دوران مرکزی حکومت کے دفاتر کھلے رہیں گے ۔