Monday, May 20, 2024
Homeاقتصادیاتدینا بینک، وجیہ بینک اور بینک آف بروڈہ کا انضمام

دینا بینک، وجیہ بینک اور بینک آف بروڈہ کا انضمام

تین بینکوں کے انضمام کے نتیجہ میں یہ بینک ملک کا تیسرا بڑا بینک بن جائے گا: سکریٹری فینانشیل سرویسس راجیو کمار

نئی دہلی۔ سکریٹری فینانشیل سرویسس مسٹر راجیو کمار نے پیر کو کہا کہ مرکزی حکومت نے تین سرکاری بینکس دینا بینک، وجیہ بینک اور بینک آف بروڈہ کے انضمام کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تین بینکوں کے انضمام سے یہ بینک ملک کا تیسرا بڑا بینک بن جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بینکنگ شعبہ میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے اور حکومت ، بینکوں کی مالیاتی ضرورتوں کا خیال کررہی ہے۔ یہ اعلان وزیر فینانس مسٹر ارون جیٹلی کے ساتھ معیشیت کے موقف پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ وزیر فینانس مسٹر ارون جیٹلی نے کہا کہ حکومت نے موازنہ میں اعلان کیا تھاکہ ہمارے ایجنڈہ میں بینکوں کا انضمام بھی ہے اور اس خصوص میں پہلے اقدام کا اعلان کیا گیا ہے۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ کسی بھی ملازم کومنفی شرائط ملازمت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ان کے لئے بہترین شرائط ملازمت رکھی جائیں گی۔ مسٹر راجیو کمار نے یہ بھی کہا کہ بینکنگ شعبہ میں بیرون ملک کارروائیوں کو معقول بنانے کا عمل مکمل تیزی سے جاری ہے اور حکومت ایسے اقدامات کرنے کوشاں ہیں کہ جہاں تک این پی ایز (Non Performing Assets ) کا تعلق ہے تاریخ کااعادہ نہ ہو۔ مسٹر جیٹلی نے غیر کارکرد اثاثہ جات پر بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کانگریس کی زیرقیادت یو پی اے حکومت نے ان کو چھپائے رکھنے کی 2014 تک کوشش کرتی رہی۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ این پی ایز کی حقیقی صورتحال 2015 میں سامنے آئی ۔ یو پی اے نے این پی اے کو کارپیٹ کے نیچے دبائے رکھی تھی۔