Friday, May 17, 2024
Homesliderرائزرس حیدرآباد دباؤ میں موجود چینائی کے خلاف پرجوش

رائزرس حیدرآباد دباؤ میں موجود چینائی کے خلاف پرجوش

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی: چینائی سوپرکنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی جمعہ کو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف آئی پی ایل میں واپسی کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے جبکہ ڈیوڈ وارنر کی زیر قیادت حیدرآباد کی ٹیم جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لئے کوشاں ہوں گی۔ چینائی سوپرکنگز کو پچھلے دو میچوں میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ٹیم ایک ہفتہ کے وقفے کے بعد اپنا چوتھا میچ کھیلے گی۔ چینائی پچھلا میچ دہلی کیپٹلز کے خلاف ہارگئی تھی جبکہ حیدرآباد نے اپنے پچھلے میچ میں دہلی کو15 رنز سے شکست دی تھی۔ اس طرح حیدرآباد نے ٹورنمنٹ میں اپنی پہلی جیت کا ذائقہ چکھا تھا۔

چینائی تین میچوں میں دو شکست اور ایک میچ میں جیت سے دو پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ حیدرآباد بھی ایک جیت اور دو شکستوں کے ساتھ دو پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے ۔ چینائی نے دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز کو شکست دے کر اپنی مہم کو فاتحانہ انداز میں شروع کیا تھا لیکن اس کے بعد وہ اگلے دو میچ گنوا بیٹھی ہے ۔

حیدرآباد کی شروعات ایک شکست کے ساتھ ہوئی تھی اور پہلے میچ میں اسے رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسرے میچ میں اسے کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے شکست دی۔ تاہم تیسرے میچ میں حیدرآباد نے دہلی کو شکست دے کر پہلی فتح کا ذائقہ چکھا جس نے لگاتار دو میچ جیتے تھے ۔

چینائی اور حیدرآباد دونوں ٹیموں میں بہترین کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن چینائی کے سامنے اوپننگ جوڑی کا ناقص فام تشویش کا باعث ہے ۔ پچھلے میچوں میں مرلی وجے اور شین واٹسن دونوں ہی ٹیم کو ایک بڑی شروعات دینے میں ناکام رہے ۔ مرلی وجے کی فارم اتنی خراب ہے کہ وہ اس فارمیٹ میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہورہے ہیں۔ اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں ہوگی اگر وجے کو اس میچ میں شامل نہ کیا جائے ۔

سریش رائنا کے آئی پی ایل سے باہر ہونے کا اثر اب ٹیم پر واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے ۔ ٹیم مڈل آرڈر میں رائناکی کمی محسوس کررہی ہے ۔ اگرچہ فاف ڈو پلیسی مستقل طور پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن کوئی بھی کھلاڑی اس کی حمایت کرنے کے لئے کریز پر زیادہ وقت نہیں گزاررہا ہے ۔ چینائی کو امید ہے کہ امباتی رائیڈو فٹ ہوتے ہوئے اس میچ میں واپس آجائیں گے اور کپتان دھونی پر دباؤبھی ختم ہوجائے گا کہ وہ بیٹنگ آرڈرکو آگے بڑھائیں۔

ڈو پلیسی نے راجستھان رائلز اور دہلی کے خلاف ایک سرے سے اننگز سنبھالی لیکن دونوں میچوں میں بڑی شراکت نہ ہونے کی وجہ سے چینائی کو اس کا فائدہ نہیں ہوا ۔ چینائی کے مڈل آرڈر بیٹسمین رتوراج گائکواڈ ، کیدار جاادھو اور دھونی اب تک متاثر کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ رائیڈو کی واپسی دھونی کے بہت سارے خدشات کو دور کرسکتی ہے اور گایکواڈ کو باہر ہونا پڑسکتا ہے ۔

حیدرآباد کے اوپنرز نے دہلی کے خلاف بڑی شراکت کے ساتھ مضبوط آغازکیا اور چینائی کے سامنے اسے اس تال کو برقرار رکھنا ہوگا۔ تاہم آخری میچ میں منیش پانڈے سستے میں آؤٹ ہوئے تھے اور انہیں جلد ہی اپنی فارم حاصل کرنی ہوگی۔ٹیم نے کین ولیمسن کو آخری میچ میں ٹیم میں شامل کیا تھا اور اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور41 رنزکی اننگز کھیلی۔ حیدرآباد کی نگاہ ایک بار پھر ولیمسن پر ہوگی۔ ٹیم کے اسٹار اسپنر راشد خان نے دہلی کے خلاف شاندار بولنگ کی اور چار اوورز میں 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ چینائی کے بےٹسمینوں کو راشد کی اسپن سے بچنا ہوگا جو ان کے لئے ایک مشکل چیلنج پیش کرسکتے ہیں۔چینائی کے کپتان دھونی اور حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر کے درمیان یقینی طور پر دلچسپ مقابلہ ہوگا اور دونوں ٹیمیں دوسری جیت درج کرنے کے ارادے سے ٹورنمنٹ میں داخل ہوں گی۔