Sunday, May 19, 2024
Homesliderرافیل نڈال اور تھیم کی پیشقدمی، وکٹوریہ کو حیران کن شکست

رافیل نڈال اور تھیم کی پیشقدمی، وکٹوریہ کو حیران کن شکست

- Advertisement -
- Advertisement -

پیرس: کنگ آف کلے رافیل نڈال نے فرنچ اوپن میں عالمی نمبر 236 میکنزی  ڈونلڈکو6-1 ، 6-0 ، 6-3 سے شکست سے دو چارکیا اور آسان کامیابی کے ساتھ فرنچ اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کرلیا جبکہ یو ایس اوپن کی رنر اپ وکٹوریہ آزارینکا کو خواتین زمرے میں حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 13 ویں رولانڈ گیروکا اعزاز حاصل کرنے اور راجر فیڈررکے 20 خطابات کا ریکارڈ برابر کرنے کی کوشش کر رہے نڈال کا مقابلہ اٹلی کے اسٹیفانو ٹراواگلیا سے ہوگا ۔

اسٹیفانو نے پانچ سیٹ کے میچ میں جاپان کے کئی نشیکوری کو 6-4، 2-6، 7-6 (7)، 4-6، 6-2 سے شکست دی۔10 ویں سیڈ وکٹوریہ آزارینکا کو ویمنز سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں 161 ویں مقام کی انا شمیڈلوفا سے2-6 2-6 کی حیران کن شکست سے دو چار ہونا پڑا۔ شمیڈلوفا نے پہلے مرحلے میں وینس ولیمز کو شکست دی تھی۔سابق نمبر ون کھلاڑی اور دو مرتبہ کی آسٹریلیائی اوپن چمپیئن آزارینکا کی شکست کا مطلب یہ ہے کہ نیویارک میں یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی چار خواتین کھلاڑی پیرس سے فرنچ اوپن میں نہیں ہیں کیونکہ سرینا ولیمز نے ٹخنے کی تکلیف کے سبب فرنچ اوپن سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جینیفر بریڈی پہلے ہی راؤنڈ میں ہارگئیں۔ یو ایس اوپن کی چمپئن نومی اوساکا فرانس کا سفر نہیں کر پائی تھیں۔تیسری سیڈ یوکرین کی الینا سویٹلینا نے ریناٹا جاراجوہ کو 6-3، 0-6،6-2 سے ہرا کر تیسرے مرحلے میں داخلہ حاصل کیا ۔

مردوں کے زمرے میں کوالیفائر سبسٹن کارڈا نے اپنے پہلے فرنچ اوپن میں دو تجربہ کار کھلاڑیوں کو باہر کا راستہ دکھایا۔ 20 سالہ امریکی نے 21 ویں سیڈ جان آئسنر کے مقابلہ میں دوسرا راؤنڈ 6-4 6-4 2-6 6-4 سے جیتا۔ تھرڈ سیڈ ڈومینک تھیم نے امریکہ کے جیک ساک کو 6-1 ، 6۔3 ، 7۔6 سے شکست دی۔ جبکہ 16 ویں سیڈ اسٹینسلاس واورینکا نے چار سیٹوں کے میچ میں جرمنی کے ڈومینک کوفر کو شکست دی۔ امریکہ کے 27 ویں سیڈ ٹیلر فرٹز نے رڈو ایلبوٹ کو شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کیا۔