Sunday, May 19, 2024
Homeتازہ ترین خبریںراہول گاندھی کا جنوبی ہندوستانی نشست سے بھی انتخاب لڑنے کا امکان

راہول گاندھی کا جنوبی ہندوستانی نشست سے بھی انتخاب لڑنے کا امکان

- Advertisement -
- Advertisement -

کیرلا :کیرلا میں کانگریس نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر راہول گاندھی کا نام ویانڈ لوک سبھا کی نشست سے تجویز دی ہے اور خواہش کی ہے کہ راہول گاندھی اس نشست سے لوک سبھا انتخابات لڑیں۔ کیرلا کے سینئر قائدین نے کہا کہ راہول گاندھی سے مذکورہ نشست پر لوک سبھا انتخابات لڑنے کی خواہش کی گئی ہے، لیکن راہول گاندھی کی جانب سے ہنوز جواب نہیں آیا ہے۔ یہاں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اومن چنڈی نے کہا کہ کیرلا پردیش کانگریس کمیٹی نے راہول گاندھی سے خواہش ظاہر کی ہے کہ ویانڈ کی نشست سے لوک سبھا انتخابات لڑیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کانگریس پارٹی کا مطالبہ ہے کہ راہول گاندھی جنوبی ہندوستان سے لوک سبھا نشست سے انتخابات لڑیں اورہم نے ان سے درخواست کی ہے کہ ویانڈ سے انتخابات لڑیں۔ کیرالا کانگریس کمیٹی کی جانب سے کی جانے والی اس خواہش پر راہول گاندھی کی جانب سے ہنوز کوئی ردعمل نہیں آیا ہے لیکن جنوبی ہندوستان سے تعلق رکھنے والے کانگریسی قائدین کو امید ہے کہ راہول گاندھی کی جانب سے مثبت جواب آئے گا۔ کیرلا میں کانگریس 20 نشستوں میں سے 16 نشستوں پر انتخابات لڑ رہی ہے اور ان16 نشستوں کیلئے14 ناموں کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے لیکن ویانڈ اور واڈاکرا کی نشستوں پر امیدواروں کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

راہول گاندھی کو کیرالا سے لوک سبھا انتخابات میں امیدواروں کے طور پر پیش کرنے سے متعلق کئی سینئر قائدین جن میں اے کے انٹونی بھی شامل ہیں، تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ راہول گاندھی کی یہاں سے امیدواری جنوبی ہندوستان میں کانگریس میں ایک نئی جان اور توانائی ڈال سکتی ہے جس سے لوک سبھا انتخابات میں اسے زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں۔ کانگریس نے پہلے ویانڈ نشست سے صدیقی جوکہ کوذی کوڈ ا ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے صدر ہیں، ان کا نام پیش کیا تھا، لیکن انہوں نے یہاں سے واپسی اختیار کی ۔ صدیقی نے خود کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ راہول گاندھی اس نشست سے لوک سبھا انتخابات لڑیں ۔ تملناڈو اورکرناٹک میں کانگریسی قائدین اور علاقائی صدور نے بھی راہول گاندھی سے درخواست کی ہے کہ وہ اس نشست سے مقابلہ کریں۔