Wednesday, May 1, 2024
Homesliderروز ویلی چٹ فنڈ گھوٹالہ کی جانچ کررہے ای ڈی کے عہدیداروں...

روز ویلی چٹ فنڈ گھوٹالہ کی جانچ کررہے ای ڈی کے عہدیداروں کے خلاف تحقیقات

- Advertisement -
- Advertisement -

 کولکتہ۔ مرکزی جانچ ایجنسی سی بی آئی نے مالی بدعنوانی کی تحقیقات کرنے والی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے محکمہ ویجلنس کومکتوب لکھ کرکہا ہے کہ روز ویلی چٹ فنڈ گھوٹالے کی تحقیق کررہی ای ڈی کے کچھ عہدیدار خود بھی اس گھوٹالے میں ملوث ہیں ۔سی بی آئی نے ان عہدیداروں کے نام روانہ کرتے ہوئے تحقیق کی سفارش کی ہے ۔

سی بی آئی کے ذرائع کے مطابق تحقیقی ایجنسی بذات خود ای ڈی کے مشتبہ عہدیداروں کے کردار کی تحقیق کرے گی اور اس کی رپورٹ ای ڈی کے سینئر عہدیداروں کو دی جائے گی ۔ چند روز قبل ہی سی بی آئی کے دہلی ہیڈ کوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا تھا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ چٹ فنڈ سے متعلق تمام معاملات کو جلد سے جلد نمٹایا جائے ۔اس کے بعد ہی تحقیقی ٹیموں کے کئی عہدیداروں کے تبادلے ہوئے ۔اس کے بعد سے ہی سی بی آئی شاردا چٹ فنڈ اور روزویلی سمیت دیگر چٹ فنڈ گھوٹالوں کی تحقیق میں تیزی لارہی ہے ۔

ای ڈی کی تحقیقاتی ٹیم کے کچھ ارکان کے خلاف یہ پہلا الزام نہیں ہے ۔ اس سے قبل ای ڈی کے ایک سینئر عہدیدار منوج کمار پر روز ویلی کے مالک گوتم کنڈو کی بیوی شورا کنڈوکی مدد کرنے کا الزام لگ چکا ہے ۔ کولکتہ پولیس نے شیکسپیئر سرانی تھانے کے ذریعہ دھوکہ دہی اور بھتہ خوری کے معاملے میں منوج کمار کو گرفتار بھی کیا تھا۔ بعدازاں انہیں ضمانت ملی۔ سی بی آئی نے روز ویلی کے منیجنگ ڈائریکٹر گوتم کنڈو سے پوچھ گچھ کرکے اور منوج کمار اور ای ڈی کے متعدد دیگر عہدیداروں کا پتہ لگایا ہے ۔

یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم  ہے کہ  2013 میں روز ویلی چٹ فنڈ کے مالی اسکینڈل کا معاملہ منظر عام پر آیا تھا۔ مختلف اسکیموں کے ذریعے مارکیٹ سے 2300 کروڑ روپے اکٹھا کرنے کے الزامات سامنے آئے ۔ چف منسٹر ممتا بنرجی کی ہدایت پر بدھان نگر پولیس نے خصوصی تحقیقی ٹیم کے ذریعہ چٹ فنڈ گھوٹالے کی تحقیقات شروع کی اور روز ویلی کے منیجنگ ڈائریکٹر گوتم کندو کو گرفتار کیا ۔