Sunday, May 19, 2024
Homesliderروہت شرما فٹنس ٹسٹ میں کامیاب ، آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ ٹیم...

روہت شرما فٹنس ٹسٹ میں کامیاب ، آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ ٹیم میں واپسی کا امکان

- Advertisement -
- Advertisement -

بنگلورو۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے عضلات کی جکڑن سے نجات حاصل کرنے کے بعد بنگلورومیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے ) میں فٹنس ٹسٹ کامیابکرلیا ہے اور وہ13 دسمبرکوآسٹریلیا کے لئے روانہ ہوں گے تاکہ وہ ٹسٹ سیریز کے آخری دومیچوں میں انتخاب کے لئے دستیاب ہوسکیں۔ روہت کو آئی پی ایل کے دوران عضلات میں جکڑن کاسامنا کرنا پڑا تھا لیکن وہ فائنل سمیت آخری چند میچوں میںکھیلے تھے ۔ اپنی ٹیم ممبئی انڈینزکو پانچویں مرتبہ چمپئن بنانے کے بعد وہ ممبئی واپس آئے اور پھر بنگلورو میں این سی اے پہنچ کرصحت یابی کے دور سے گزرے ۔آج ان کا فٹنس ٹسٹ ہونا تھا جس میں انہوں نے کامیابی حاصل کرلی۔

فٹنس ٹسٹ میں کامیابی کے بعد یہ خیال کیا جارہا ہے کہ روہت 13 دسمبر کو ممبئی اور دبئی کے ذریعہ آسٹریلیا پہنچ سکتے ہیں ، جہاں وہ چار ٹسٹ سیریز کے آخری دو میچوں میں سلیکشن کے لئے دستیاب ہوں گے ۔اگرچہ روہت پہلے ٹسٹ میچ سے پہلے ہی آسٹریلیا پہنچ جائیں گے لیکن آسٹریلیائی حکومت کی طرف سے کورونا وائرس سے متعلق رہنما خطوط کے مطابق روہت کو آسٹریلیا پہنچنے کے بعد14 دن کے لئے قرنطینہ میں رہنا ہوگا جس کے بعد ہی وہ ٹیم کے ساتھ بایو ببل میں شامل ہوسکتے ہیں۔

ہندوستان کا آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹسٹ میچ 17 سے 21 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا جوکہ ڈے نائیٹ ٹسٹ ہے جبکہ دوسرا میچ 26 سے30 دسمبر میلبورن میں ہے ۔ روہت 14 دن کے قرنطینہ کی مدت کی وجہ سے ان دونوں میچوں کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے ۔ خیال کیا جارہا ہے کہ روہت کرسمس کے بعد ہی ٹیم میں شامل ہوسکیں گے اور وہ7 جنوری کو سڈنی اور15 جنوری کو برسبین میں ہونے والے تیسرے اور چوتھے ٹسٹ مقابلے میں حصہ لیں گے ۔