Saturday, May 18, 2024
Homesliderسائبر آباد، 2021 میں جرائم میں 13.24 فیصد اضافہ

سائبر آباد، 2021 میں جرائم میں 13.24 فیصد اضافہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ کورونا کے بحران اور مسائل سے بھرا ایک اور سال 2021اب چند دنوں میں رخصت ہونے والا ہے اور اس سال ہونے والے واقعات کی فہرست سامنے آنے لگی ہیں جن میں جرائم کے اعداد وشمار بھی منظر عام پر آگئے ہیں۔ سال 2021 میں جرائم کے جو اعداد وشمار سامنے آئے ہیں ان میں سائبر آباد میں اس سال جرائم میں اضافہ درج کیا گیا ہے ۔

سائبر آباد میں 2021 میں جرائم کی شرح میں 13.24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سائبر کرائم، منشیات کی تجارت، سڑک حادثات، نشے میں ڈرائیونگ اور معاشی جرائم میں 2021 میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ سائبرآباد پولیس کمشنر اسٹیفن رویندرا نے یہاں ایک پریس اجلاس میں جرائم پر سالانہ رپورٹ پیش کی۔ رویندر نے کہا کہ سائبرآباد میں امن و امان کی صورتحال قابو میں ہے۔ سائبر کرائم میں دوگنا اضافہ ہوا ہے اور اس سال 3,854 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ نشے میں ڈرائیونگ کے مقدمات درج ہونے والوں کی تعداد 36000 ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال معاشی جرائم کے 607 مقدمات بھی درج کیے گئے۔

چوری کی وارداتوں میں پولیس نے مسروقہ مال کا صرف 53 فیصد ہی برآمد کیا۔ رواں سال چوری کے مجموعی طور پر 30,954 مقدمات درج ہوئے۔ پولیس نے 2021 میں 1,645 کلو گرام گانجہ ضبط کیا اور 410 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ اس سال خواتین پر حملوں میں دو فیصد اضافہ ہوا۔ پچھلے سال 2,572 مقدمات درج ہوئے تھے اور 2021 میں، 2,621 مقدمات درج کیے گئے تھے۔ کمشنر نے کہا کہ عصمت ریزی کے مقدمات کی تعداد 356 درج کی گئی۔ سڑک حادثات کی تعداد میں اضافہ ہوا اور سڑک حادثات میں 759 افراد ہلاک ہوئے۔ دو پہیہ گاڑیوں کے حادثات میں 82 فیصد متاثرین ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ پریس کانفرنس میں کمشنر کے ساتھ ڈی سی پی (ٹریفک) وجے کمار، ڈی سی پی (ای او ڈبلیو) کویتا، ڈی سی پی (ویمن سیفٹی) انسویا اور دیگر عہدیداربھی موجود تھے۔