Monday, May 20, 2024
Homesliderسراج کا اخراج ،کوہلی کے فیصلوں پر سوالیہ نشان

سراج کا اخراج ،کوہلی کے فیصلوں پر سوالیہ نشان

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ ہندوستان کی آسٹریلیائی سر زمین پر  تاریخی کامیابی میں 13 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اہم رول ادا کرنے والے حیدرآبادی فاسٹ بولر  محمد سراج کو انگلینڈ کے خلاف آج چینائی میں شروع ہوئے پہلے ٹسٹ میں شامل نہ کرنے پر کرکٹ شائقین کےعلاوہ کئی ماہرین نے بھی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

آسٹریلیا میں ٹیم کو یادگار کامیابی دلوانے  والے اجنکیا راہانے جن کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا گیا تھا وہ چینائی ٹسٹ میں ٹیم کے نائب کپتان بن گے جبکہ ویراٹ کوہلی نے ٹیم کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لے لی لیکن جارحانہ کپتان نے کئی ایک مایوس کن فیصلے کئے جن میں محمد سراج کو ٹیم میں شامل نہ کرنا کئی افراد کےلئے مایوسی کی وجہ بنی ۔

سوشل میڈیا پر کئی شائقین نے کوہلی کی قیادت پر ہی سوال کھڑے کردئے ہیں اور کہا ہے کہ محمد سراج جنہوں نے آسٹریلیا میں یادگار بولنگ کی وہ ان مظاہروں سے کافی بلند حوصلوں کے ساتھ وطن لوٹے تھے اور ان کے مقام پر زخموں سے صحت یاب ہونے والے ایشانت شرما کو ترجیح دی گئی ۔اس فیصلے پر شائقین نے اپنی مایوسی ظاہر کی ۔

اس کے علاوہ واشنگٹن سندر جنہوں نے آسٹریلیا میں جو مظاہرہ کیا وہ ہندوستان کی بیرونی ممالک فتوحات میں ایک یادگار کے طور پر ہمیشہ یادرکھا جائے گی لیکن ان کے مقام پر شہباز ندیم کو شامل کرنا بھی آسانی سے سمجھ میں آنے والا فیصلہ نہیں ہے۔خاص کر ایشانت شرما کو محمد سراج پر ترجیح دینے پر ماہرین نے حیدرآبادی بولر کو بدقسمت قرارد یا اور کہا وہ اس فیصلے سے مایوس نہ ہوں ۔

یادر ہےکہ انگلینڈ نے چینائی ٹسٹ کے پہلے دن کپتان جوروٹ کی 100 ویں ٹسٹ میں شاندار اور ریکارڈ سنچری کی بدولت نہ صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز اسکور کئے بلکہ  کوہلی کی جانب سے قطعی 11 کھلاڑیوں کےلئے کئے جانے والے کئی فیصلوں کو مایوس کن بنادیا ہے۔