Sunday, May 19, 2024
Homesliderسرینا ولیمز، ڈومینک تھیم، میدویدیف کوارٹر فائنل میں داخل

سرینا ولیمز، ڈومینک تھیم، میدویدیف کوارٹر فائنل میں داخل

- Advertisement -
- Advertisement -

نیو یارک: سابق عالمی نمبر ایک اور23 مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپیئن امریکہ کی سرینا ولیمز ، آسٹریا کے ڈومینک تھیم اور روس کے ڈینیل میدویدیف یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ آسٹریلین اوپن چمپئن امریکہ کی صوفیہ کینین ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئیں۔خواتین کے زمرے میں امریکہ 6 مرتبہ کی یو ایس اوپن چمپئن اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے ویمنز سنگلز کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ ولیمز نے دو گھنٹے اور28 طویل میچ میں یونانی حریف کھلاڑی ماریا سکاری کو شکستدی۔سرینا ولیمز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے یونان کی حرف کھلاڑی ماریا سکاری کو 6-3، 6-7 (6-8) اور 6-3 سے شکست دی۔38 سالہ سرینا ولیمز کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ بلغاریہ کی سویتانا پیرونکووا سے ہوگا۔ واضح رہے کہ امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز اگر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت گئیں تو وہ آسٹریلین ٹینس اسٹار مارگریٹ کورٹ کے24 ویمنز سنگلز گرانڈ سلام خطابات جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیں گی۔

سرینا53 ویں مرتبہ کسی گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچی ہیں ۔اس کامیابی کے ساتھ ہی سرینا آرتھر ایش اسٹیڈیم میں 100 میچ جیتنے والی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔ ان کے بعد راجر فیڈر نے یہاں سب سے زیادہ77 میچ جیتے ہیں۔13 ویں سیڈ سکاری نے دو ہفتے قبل ویسٹرن اینڈ سدرن اوپن ٹینس ٹورنمنٹ میں سرینا کو شکست دی تھی۔ تاہم اس مرتبہ سرینا نے انہیں موقع نہیں دیا اور میچ جیت لیا ۔اب سرینا کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں بلغاریہ کی سویتانا پیرونکووا سے ہوگا۔ وہ ابھی تک پیرونکووا سے نہیں ہاری ہیں۔ دونوں کے مابین4 مقابلے ہوئے ہیں۔ پیرونکووا نے پری کوارٹر فائنل میں ایلیزکارنیٹ کو 6-4، 6-7 (5) ، 6-3 سے شکست دی۔ بلغاریہ سے تعلق رکھنے والی32 سالہ نوجوان کھلاڑی ڈھائی سال کے بعد یو ایس اوپن سے میدان میں واپس آئی ہیں ۔ بیٹے کی پیدائش کے بعد انہوں نے وقفہ لیا۔

امریکہ کی صوفیہ کینین خواتین سنگلز میں ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئیں۔ انہیں بیلجیئم کے ایلسی میرٹینز نے 6-3 ، 6-3 سے شکست دی۔ عالمی نمبر4 صوفیہ نے رواں سال آسٹریلین اوپن جیتا تھا۔ یہ ان کا پہلا گرانڈ سلیم خطاب تھا۔ وہ 6 میں سے ایک مرتبہ بھی یو ایس اوپن میں تیسرے راؤنڈ میں آگے نہیں بڑھ سکی ہیں۔ مردوں کے زمرے میں آسٹریا کے ڈومینک تھیم، روس کے ڈینیئل مدویدوف، روس کے ہی آندرے روبلوف اور آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینااپنی پیش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ اٹلی کے میٹیو بریٹینی، کینیڈین واسک پوسپیسل اور امریکہ کے فرانسس تیافو پری کوارٹر فائنل میں ہارکر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ۔

مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میچوں میں آسٹریا کے سیکنڈ سیڈ ڈومینک تھیم نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے کینیڈین حریف کھلاڑی فیلیکس آیگرکو راست سٹوں میں 7-6(7-4)،6-1 اور6-1 سے شکست دی۔روس کے ٹینس اسٹار اورایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ ڈینیئل مدویدوف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان کھلاڑی فرانسس تیافو کو راست سٹوں میں 6-4،6-1 اور6-0 سے مات دیکر میگا ایونٹ کا ٹاپ ایٹ مرحلہ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ روس کے ہی آندرے روبلوف نے بھی پری کوارٹر فائنل عبورکر لیا۔ انہوں نے اٹلی کے میٹیو بریٹینی کو پہلے سیٹ میں4-6کی شکست کے باوجود اگلے راست سٹوں میں 6-3،6-3 اور6-3 سے شکست دی۔ ایک اور میچ میں آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینا نے حریف کینیڈین واسک پوسپیسل کو 7-6، 6-3 اور 6-2 سے باہر کا راستہ دیکھا دیا۔