Saturday, May 18, 2024
Homeبین الاقوامیسعودی عرب میں کورونا وائرس کے تمام مریضوں کی صحت میں بہتری

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے تمام مریضوں کی صحت میں بہتری

- Advertisement -
- Advertisement -

ریاض ۔کورونا وائرس کی وجہ سے ایک جانب جہاں دنیا بھر میں عوام خوف وہراس کے ماحول میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں تو دوسری جانب کئی ایک ممالک میں ایسی حوصلہ بخش خبریں بھی آرہی ہیں کہ کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی صحت میں بہتری ہورہی ہے اور جن ممالک میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کے صحت مند ہونے کی خبریں ہیں ان میں سعودی عرب بھی شامل ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس کے مریضوں کی صحت تسلی بخش ہے۔ خدشے کی کوئی بات نہیں۔تفصیلات کے مطابق العبد العالی نے کہا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے 15 مریضوں میں سے 14قطیف اور دمام کےدواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ ان سب کو دیگر مریضوں سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

ترجمان نے کہا ہے  کہ کورونا وائرس کا ایک مریض امریکی شہری ہے۔ یہ فلپائن اور اٹلی سے ہوتے ہوئے سعودی عرب پہنچا تھا۔ اس کا علاج ریاض کے ایک دواخانہ میں کیاجارہا ہے۔اسے تمام مریضوں سے الگ تھلگ کرکے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا ہے۔العبد العالی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرین سے ملنے جلنے والوں کی مجموعی تعداد 468 ہے۔ ان سب کی فہرست تیار کرلی گئی تھی ۔ ان کا معائنہ بھی کیا جاچکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گھریلو قرنطینہ میں محصور شہریوں کی تعداد 1153ہے۔ یہ سب صحت مند ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی کورونا وائرس کا مریض نہیں۔ انہیں احتیاطی تدبیر کے طور پر گھریلو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ اب تک پوری دنیا میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 10ہزار مریض ریکارڈ پر آچکے ہیں۔ یہ تقریباً107ممالک میں پائے گئے ہیں۔ ان میں سے 56 فیصد شفا یاب ہوچکے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد کل مریضوں کا 3.4 فیصد ہے۔