Saturday, May 18, 2024
Homesliderسندھو کو برونز میڈل ، ہاکی ٹیم سیمی فائنلز میں داخل

سندھو کو برونز میڈل ، ہاکی ٹیم سیمی فائنلز میں داخل

- Advertisement -
- Advertisement -

ٹوکیو۔ ہندوستان کی چیمپئن کھلاڑی پی وی سندھو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج ٹوکیو اولمپکس میں کھیلے گئے برونز میڈل کے مقابلے میں چین کی ہی بنگ جیاؤ کو 15-21،13-21 سے شکست دی اور بیڈمنٹن سنگلز مقابلے میں برونز میڈل جیتا اور اس کے ساتھ ہی سندھو نے ہندوستان کو ٹوکیو اولمپک کھیلوں میں دوسرا میڈل دلایا۔

 سندھو اس کے ساتھ ہی اولمپکس میں مسلسل دو میڈل جیتنے والی ملک کی دوسری کھلاڑی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے قبل یہ کارنامہ پہلوان سشیل کمار نے انجام دیا تھا ، جنہوں نے 2008 بیجنگ اولمپکس میں برونز اور2012 لندن اولمپکس میں سلور میڈل جیتا تھا۔ سندھو نے 2016 میں سلور میڈل اور رواں ٹوکیو اولمپکس میں برونز میڈل جیتا۔

جیسے ہی سندھو نے برونز میڈل جیتا ، ہندوستان کے واحد اولمپک انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے نشانہ باز ابھینو بندرا نے سندھو کوجیت کے لئے ٹویٹر پر مبارکبادد ی۔سندھو کو مبارکباد دیتے ہوئے ، مرکزی کھیل وزارت نے کہا ، چمپئن آپ کو بہت بہت مبارکباد ۔

سندھو کو گزشتہ ریو اولمپکس کے فائنل میں اسپین کی کیرولینا مارین سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اس بار بھی وہ سیمی فائنل میں چینی تائی پے کی تائی جو ینگ سے ہارگئیں لیکن انہوں نے برونز میڈل کے لیے راست گیموں میں چین کے بنگ ژیاؤ کو شکست دی۔

چھٹی سیڈ سندھو نے 53 منٹ کے میچ میں عالمی نمبر9 کی کھلاڑی بنگ ژیاؤکو شکست دی۔ہندوستانی کھلاڑی نے میچ پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور برتری کو ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ پہلا گیم جیتنے کے بعد سندھو نے دوسرے گیم میں بھی اپنی برتری قائم رکھی۔ سیمی فائنل میں کی گئی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے سندھو نے اس میچ میں ان غلطیوں کو خود سے دور رکھا۔

انہوں نے بہتر کورٹ کوریج ، نیٹ پر کھی، اسمیش سبھی پر اپنا کنٹرول رکھا اور بنگ ژیاؤکو واپسی کوکوئی موقع نہیں دیا۔ سندھو نے میچ پوائنٹس جیتتے ہی مٹھی پکڑکر خوشی کا اظہار کیا۔اپنی شاندار جیت سے انہوں نے ہندوستان کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کی۔

ہندوستانی ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں داخل

 سندھو کی کامیابی کے بعد ہندوستانی ہاکی ٹیم نے اپنی پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے خوشی دوبالا کردی جیسا کہ قومی ہاکی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں برطانیہ کو 3-1 سے شکست دے کر41 سال کے طویل وقفے کے بعد اولمپکس میں مردوں کے ہاکی ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ہندوستان 1980 میں آخری مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے کے بعداب2021 میں سیمی فائنل میں پہنچا ہے ۔ ہندوستان نے پچھلے ریو اولمپکس میں آخری مقام حاصل کیا تھا۔ سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ اب بیلجیم سے ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنے دفاع میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور برطانیہ کو پنالٹی کارنر سے گول کرنے سے روکے رکھا۔