Monday, April 29, 2024
Homesliderسونیا گاندھی کا بی جے پی اورسنگھ کے نظریے کیخلاف لڑنے کے...

سونیا گاندھی کا بی جے پی اورسنگھ کے نظریے کیخلاف لڑنے کے لئے کارکنوں پرزور

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ کانگریس کی صدرسونیا گاندھی نے آج یہاں مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے نظریات کے خلاف سخت لڑائی لڑنے اور ان کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لئے پارٹی کے کارکنوں پر زوردیا ۔سونیا گاندھی نے پارٹی جنرل سکریٹریوں، ریاستی انچارجوں اور ریاستی صدور کی ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے اتحاد اورنظم و ضبط قائم کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بی جے پی- سنگھ کے بدنیتی پر مبنی نظریے کا مقابلہ کرتے ہوئے پورے عزم کے ساتھ ان کے جھوٹ کو بے نقاب کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک سے منسلک اہم مسائل پر کانگریس روزانہ بیانات جاری کرتی ہے ، لیکن پارٹی کا پیغام بلاک اور ضلع سطح پر کارکنوں تک نہیں پہنچایا جا رہا ہے ۔ پالیسی مسائل پر ریاستی سطح کے لیڈروں میں نظریاتی وضاحت اور یکجہتی کا فقدان ہے ۔ کانگریس صدر نے حال ہی میں نیشنل ایگزیکٹو اجلاس میں بھی پارٹی لیڈروں کو پارٹی سے متعلق اپنے خیالات پارٹی کے فورم میں رکھنے اور میڈیا کے ذریعے ان سے بات نہیں کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ انہوں نے اس اجلاس میں یہ بھی کہا کہ کہ وہ نگراں نہیں بلکہ صدر ہیں اور پارٹی کے کام پرمسلسل توجہ دیتی ہیں ۔ انہوں نے آج بھی پارٹی میں نظم وضبط کی نصیحت کی ۔

سونیا گاندھی نے کہا کہ وہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ اگر لڑائی جیتنی ہے تو عوام کے سامنے بی جے پی اور سنگھ کے پروپیگنڈے اور جھوٹ کو بے نقاب کرنا ہوگا ۔کانگریس صدر نے لیڈروں سے کہا کہ آپ کو پارٹی کارکنوں کو اس طرح تربیت دینی ہوگی کہ وہ بی جے پی اور سنگھ کے ذریعہ چلائے جارہے پروپیگنڈے کا مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اپنی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اگر ناانصافی اور عدم مساوات کے خلاف کامیابی حاصل کرنی ہے تو اسے زمینی سطح پر عوامی تحریک کی شکل میں لانا ہو گا ۔ انہوں نے الزام لگایا مودی حکومت نے ملک کے اداروں کو تباہ کرنے کی کوشش کی تاکہ وہ جواب دہی سے بچ سکیں۔ اس نے آئین کی بنیادی اقدارکو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے ۔ اس نے ہماری جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو تنازعات کے گھیرے میں کھڑا کر دیا ۔

سونیا گاندھی نے اگلے سال کے اوائل میں پانچ ریاستوں میں شروع ہونے والے اسمبلی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا آنے والے مہینوں میں پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔ ان ریاستوں میں کانگریس پارٹی کے کارکنان اور لیڈران تیاری کر لیں ۔ ہماری انتخابی مہم سماج کے تمام طبقات سے بات چیت کے بعد سامنے آئی ٹھوس پالیسیوں اور پروگراموں پر مبنی ہونی چاہیے ۔