Tuesday, May 7, 2024
Homeٹرینڈنگسوپر کمپیوٹر جو کام 10 ہزار سال میں کرتا ہے وہ نیا...

سوپر کمپیوٹر جو کام 10 ہزار سال میں کرتا ہے وہ نیا کمپیوٹر 200 سکنڈزمیں کرے گا

- Advertisement -
- Advertisement -

نیویارک ۔ گوگل کا دعویٰ ہے کہ اس کے ایک جدید ترین کمپیوٹر نے پہلی مرتبہ کوانٹم برتری حاصل کر کے دکھائی ہے۔ یہ کمپیوٹر پراسیسنگ کے میدان میں نیا سنگ میل ہے۔تفصیلات میں کہا گیا کہ دنیا کے بہترین سوپر کمپیوٹرز کو جو کام کرنے میں دس ہزار سال لگتے ہے گوگل کے تیز ترین کمپیوٹر نے وہ کام محض 200 سیکنڈوں میں کردکھایا۔

گوگل کے اس سنگ میل کی تفصیل سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہوئی۔گوگل کے مطابق یہ پیش رفت کمپیوٹر اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک انقلابی قدم ثابت ہو سکتی ہے۔کمپنی کے سربراہ سُندر پِچائی نے اس کامیابی کو اُس پہلے راکٹ سے تعبیر کیا یے جسے کامیابی سے خلا میں پہنچایا گیا اور جس کی بدولت کائنات کے سیاروں کے درمیان سفر ممکن ہوا۔

مائیکرو سافٹ، آئی بی ایم اور گوگل جیسی دنیا کی سب سے بڑی کمپنیاں ایک عرصے سے کوانٹم ٹیکنالوجی کے حصول کی تگ ودو میں لگی ہوئی ہیں۔آئی بی ایم نے گوگل کے اس دعویٰ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ گوگل نے آئی بی ایم کے بنائے ہوئے سُوپر کمپیوٹرز کی استعداد کے بارے میں غلط اندازہ لگایا ہے۔کمپنی نے کہا کہ آئی بی ایم کے سُوپر کمپیوٹر بہت تیزی سے پیچیدہ کام حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور جس کام کے بارے میں گوگل کا دعویٰ ہے کہ دس ہزار سال میں مکمل ہو گا، وہ دراصل آئی بی ایم کا تیار کردہ سُوپر کمپیوٹر محض ڈھائی دن میں مکمل کر سکتا ہے۔

آئی بی ایم نے مزید کہا کہ کوانٹم کمپیوٹر کبھی بھی روایتی کمپیوٹرز کا نعم البدل نہیں بنیں گے بلکہ دونوں ٹیکنالوجیز کی اپنی اپنی صلاحیتیں اور اچھائیاں ہیں۔گوگل نے آئی بی ایم کی طرف سے تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ اس نے کوانٹم کمپیوٹر پراسیسنگ کے تجربے میں حقیقی سوُپر کمپیوٹر آزمائے اور وہ اپنی کامیابی کے دعویٰ پر قائم ہے۔ گوگل نے کہا ہے کہ اس کی کامیابی کے بعد کمپیوٹر کی دنیا ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے۔