Saturday, May 4, 2024
Homeتازہ ترین خبریںسکم میں ہند۔ چین سرحد پر جھڑپ ، یوم جمہوریہ کے لئے...

سکم میں ہند۔ چین سرحد پر جھڑپ ، یوم جمہوریہ کے لئے سخت انتظامات

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ مشرقی لداخ خطے میں لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے درمیان ہندوستان اور چین کی فوجوں کے درمیان سکم میں پھر سے جھڑپ ہوئی، تاہم فوج کے بموجب یہ معمولی جھڑپ تھی اور مقامی کمانڈروں کی سطح پر مسئلے کو حل کرلیا گیا ہے ۔

دونوں ممالک کے فوجیوں کے مابین تازہ جھڑپوں سے متعلق میڈیا رپورٹوں پر صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے فوج نے آج کہا کہ شمالی سکم کے نکولہ میں دونوں طرف کے فوجیوں کے درمیان معمولی جھڑپ ہوئی۔ دونوں سمت کے مقامی کمانڈروں نے معاملے کو طے شدہ بندوبست کے تحت حل کرلیا ہے ۔

فوجیوں کے درمیان تازہ جھڑپیں گزشتہ دس ماہ سے طویل تعطل کو ختم کرنے کے لئے کورکمانڈر کی سطح پر ہونے والی بات چیت سے پہلے ہوئی ہیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے بموجب جھڑپ میں دونوں طرف کے فوجی زخمی ہوئے ہیں اور صورتحال کشیدہ لیکن قابو میں ہے ۔ چینی فوجیوں نے پھر سے ہندوستانی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے ہندوستانی فوجیوں نے ناکام بنا دیا اور چینی فوجیوں کو کرارا جواب دیا۔اس کے بعد دونوں طرف کے کمانڈروں نے 16 گھنٹے سے زیادہ بات چیت کی۔

دریں اثناء یوم جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں چاروں سمت سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اس کے لئے ہزاروں مسلح جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔دہلی پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ یوم جمہوریہ کے پیش نظر قومی دارالحکومت میں ہر علاقے کی نگرانی کےلئے سکیورٹی انتظامات سخت کردئے گئے ہیں۔ یوم جمہوریہ کی تقریب کے ساتھ کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کے لئے بھی سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ کسانوں کی تحریک میں کوئی ناگہانی واقعہ رونما نہ ہو اور اس ضمن میں پاکستان کی جانب سے 308 ٹویٹر ہینڈل کے مواد کے پیش نظر پولیس کے سامنے چیلنج مزید بڑھ گئے ہیں۔ دہلی پولیس کا خیال ہے کہ یہ اس کے لئے بہت ہی چیلنجنگ کام ہے لیکن وہ پوری طرح تیار ہے ۔