Thursday, May 2, 2024
Homesliderشاہ رخ خان کی ٹیم رائڈرز کو چوتھی مرتبہ کیریبین خطاب

شاہ رخ خان کی ٹیم رائڈرز کو چوتھی مرتبہ کیریبین خطاب

- Advertisement -
- Advertisement -

ٹرینیڈاڈ: کپتان کیرون پولارڈ کی عمدہ بولنگ اور اس کے بعد لینڈل سیمنز اور ڈیرن براوو کے مابین ریکارڈ شراکت کی بدولت ٹرینبا گو نائٹ رائڈرز (ٹی کے آر) نے سینٹ لوسیا زوکس (ایس ایل زیڈ) کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ کیریبین پریمیر لیگ کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ ٹی کے آر لیگ کی تاریخ کی پہلی ٹیم بنی جس نے ایک ہی سیزن میں ناقابل تسخیر رہتے ہوئے خطاب بھی حاصل کیا ہے ۔ رواں سیزن میں ٹیم نے فائنل سمیت12 میچ جیتے ہیں ۔

فرنچائز کے مالک شاہ رخ خان بھی رائڈرز ٹیم کی اس جیت سے بہت خوش ہیں۔ شاہ رخ خان نے ٹویٹ کیا اور رائڈرز ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ شاہ رخ نے لکھا کہ عمدہ کھیل دکھایا۔ آپ نے ہمیں فخر کرنے کا موقع دیا۔ لوگوں کے بغیر بھی پارٹی کرنے کا موقع دیا۔ تمام ٹیم ارکان کو مبارکباد۔ قبل ازیں فائنل میں ٹی کے آر نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سینٹ لوسیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے19.1 اوورز میں 154 رنز بنائے ۔ ٹیم کے لئے آندرے فلیچر نے39 ، مارک دیال نے 29 اور روسٹن چیس نے22 رنز بنائے ۔ ٹیم کے کسی اور کھلاڑی نے بڑی اننگز نہیں کھیلی۔ پولارڈ نے30 رنز پر سب سے زیادہ 4 وکٹ حاصل کیں ، جبکہ فواد احمد اور علی خان نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ ٹی کے آر نے 18.1 اوورز میں2 وکٹوں پر157 رنز بناکر میچ جیت لیا۔

اس سے پہلے ٹی کے آر نے 155 رنز کے تعاقب میں خراب آغاز کیا تھا۔ ان کی دو وکٹیں 19 رنز پر گرگئیں۔ ٹاؤن ویبسٹر5 اورٹم سیفرٹ4 رنز بناکرآؤٹ ہوئے ۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لئے آئے لینڈر سیمنس اور ڈیرن براوو نے138 رنز کی شراکت میں ٹیم کو یہ اعزاز بخشا۔ سیمنس نے 49 گیندوں پر84 رنز بنائے ۔ اس اننگز میں انہوں نے8 چوکے اور4 چھکے لگائے ۔ ان کے علاوہ ڈوین براوو نے بھی 47 گیندوں پر58 رنز بنائے ۔ سیمنس اور براووکے مابین تیسری وکٹ کے لئے 138 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ سیمنز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔