Sunday, May 19, 2024
Homesliderشاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کے مقدمہ...

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کے مقدمہ میں کلین چٹ

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی ۔ منت میں اس وقت جشن کا ماحول ہوگا کیونکہ  نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے جمعہ کے روز بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو ایک کروز جہاز سے ملنے والی منشیات کے سلسلے میں کلین چٹ دے دی جس کے سلسلے میں انہیں گزشتہ سال گرفتار کیا گیا تھا۔مقدمہ میں آریان خان کے علاوہ 19 دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ دو کو چھوڑ کر تمام ملزمان فی الحال ضمانت پر باہر ہیں۔این سی بی نے ایک بیان میں کہاایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر نے وکرانت، اشمیت، ارباز، آرین اور گومیت کو انٹرنیشنل پورٹ ٹرمینل، ممبئی پورٹ ٹرسٹ سے گرفتار کیا جب کہ نوپور، موہک اور منم کو 2 اکتوبر 2021 کو کورڈیلیا کروز پر گرفتار کیا تھا۔ آرین اور موہک کو چھوڑ کر تمام ملزمان آس پاس سے نشہ آور اشیاء برآمد ہوئے۔
این سی بی نے کہاابتدائی طور پر ممبئی این سی بی نے معاملے کی جانچ کی۔ بعد میں اس معاملے کی تحقیقات کے لیے نئی دہلی میں این سی بی ہیڈکوارٹر کے ذریعہ ڈی ڈی جی (آپریشنز) سنجے کمار سنگھ کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔ مقدمہ  کی جانچ ایس آئی ٹی نے 11 نومبر 2021 کو سنبھالی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ ایس آئی ٹی نے معروضی انداز میں تحقیقات کیں۔ تفتیش شک کی بجائے شواہد کی بنیاد پر کی گئی۔ بیان کے مطابق ایس آئی ٹی کی تحقیقات کی بنیاد پر 14 ملزمان کے خلاف نیشنل نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹراپک سبسٹینس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت شکایت درج کی جا رہی ہے۔عدم ثبوت کی وجہ سے چھ دیگر افراد کے خلاف شکایت درج نہیں کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا، این سی بی نے جمعہ کو اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کی۔ ایجنسی نے رجسٹری کے سامنے چارج شیٹ پیش کی اور خصوصی این ڈی پی ایس عدالت دستاویزات کی تصدیق کے بعد اس کا نوٹس لے گی۔اس سال مارچ میں خصوصی عدالت نے جانچ ایجنسی کو چارج شیٹ داخل کرنے کے لیے 60 دن کا وقت دیا تھا۔ آریان خان کو اس معاملے میں گزشتہ سال 3 اکتوبر کو این سی بی نے گرفتار کیا تھا اور اسی ماہ انہیں ضمانت ملنے کے بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا۔