Saturday, May 18, 2024
Homesliderشرمیلا کی پارٹی کا نام اورکام کیا ہوگا؟

شرمیلا کی پارٹی کا نام اورکام کیا ہوگا؟

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ اس وقت تلنگانہ کے سیاسی آسمان پر ایک نیا ستارہ ابھرنے کی تیاری کررہا ہے اور وہ متحدہ آندھراپردیش کے سابق چیف منسٹر انجہانی راج شیکھر ریڈی کی بیٹی وائی ایس شرمیلا ہے جوکہ عنقریب تلنگانہ میں اپنی سیاسی پارٹی کا اعلان کرنے والی ہیں۔سیاسی حلقوں،صحافیوں،سوشل میڈیا اور گیڈرس کے درمیان اس وقت جو سوال سب سے زیادہ گشت کررہا ہے وہ شرمیلا کی پارٹی کا نام اور کام ہے۔

شرمیلا کی نئی سیاسی پارٹی سے قبل اگرتلنگانہ کے موجودہ سیاسی منظرنامہ کو پڑھا جائے تو بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ ایک جانب عوام حکمران جماعت ٹی آر ایس کے چیف منسٹر کے سی آر کے جھوٹے وعدوں سے اکتا گئے ہیں تو دوسری جانب دوباک اور جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی جے پی کے بڑھتے قدم سب پر عیاں ہیں ۔ایک جانب حکمران جماعت کی عوام دوستی سے دوری تو دوسری جانب بی جے پی کی اقلیتی دشمنی کے درمیان شرمیلا کی آمد تلنگانہ کے سیاسی میدان کو مزید مسابقتی بنا سکتی ہے  اور ہوسکتا ہے کہ تلنگانہ کی عوام ٹی آر ایس اور بی جے پی کے بدل ایک نئی جماعت کو موقع دینے کا ذہن بنانے لگے ہوں ۔

یاد رہے کہ شرمیلا نے 9 اپریل کو پارٹی کے نام کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیاہے اور اس مقصد کے لئے وہ ضلع کھمم میں ایک عظیم جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے نام کا اعلان کرنے کی منصوبہ بنا رہی ہیں ۔ شرمیلا اس سے قبل کھمم میں رہنماؤں کے ساتھ متعددادوار کی بات چیت کر چکی ہیں ۔ اس مقصد کے لئے شرمیلا نے پارٹی کیڈر کے مختلف طبقات کے اہم شخصیتوں سے ملاقات کی ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ کھمم شرمیلا کی پارٹی کا مرکز ہوگا۔ذرائع کے مطابق پارٹی کا نام سابق وزیر اعلی انجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے نام پر رکھا جاسکتا  ہے  اور یہ پارٹی 14 مئی سے لوٹس پاونڈ میں اپنے کام کا آغاز کرے گی۔