Friday, May 10, 2024
Homesliderشریشا نے ہندوستان میں نئی تاریخ بنائی ، ملک کی پہلی لائن...

شریشا نے ہندوستان میں نئی تاریخ بنائی ، ملک کی پہلی لائن ویمن کا اعزاز

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ ملک کی پہلی لائن ویمن ببوری شریشا کو وزیر توانائی جی جگدیش ریڈی سے ان کے تقرر کا حکم نامہ موصول ہوا۔ 20 سالہ شریشا جو کہ سدی پیٹ کی رہنے والی ہے انہیں تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ (ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل ) کے میڈ چل سرکل میں تعینات کیا گیا ہے۔شریشا نے اپنے انتخاب پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین تمام شعبوں میں کامیاب ہوسکتی ہیں اگرمواقع فراہم کیے جائیں۔ میں سخت محنت کروں گی اور تنظیم کی ساکھ میں اضافہ کروں گی۔ انہوں نے کہا اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے چیئر مین اور منیجنگ ڈائریکٹر رگھوما ریڈی کا انہیں ملازمت کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل نے ملک میں پہلی لائن ویمن کا تقرر کرکے ایک مثال  قائم کی ہے۔یاد رہے کہ ببوری سریشا نے محبوب آباد ضلع کی رہنے والی ایک اور خاتون وی بھارتی کے ساتھ اس وقت ہائی کورٹ سے رجوع کیا جب انہیں 2019 میں عام طور پر مردوں کے پاس ہونے والے عہدے کے لیے درخواست دینے سے روک دیا گیا تھا۔وہ ان کے حق میں حکم نامہ  حاصل کیا  اور اس عہدے کے لیے درخواست دے کر امتحان میں کامیابی حاصل کی  تاہم، ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل نے ان کا نتیجہ روک دیا جس کی وجہ سے وہ ایک بار پھر ہائی کورٹ جانے پر مجبور ہوئی۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کے بعد ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کو ہدایت دی کہ وہ ان کی صلاحیتوں کو جانچنے کے بعد انہیں تقرر کے خطوط جاری کرے۔

قبل ازیں تلنگانہ ٹرانسکو نے پاور سیکٹر کی تاریخ میں پہلی بار 200 لائن ویمن کی بھرتی کی تھی۔ اب تک صرف لائن مین ہی بجلی کے شعبے میں خدمات انجام دیتے ہیں، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ایک اہم کام ہے جس میں بجلی کے کھمبے پر چڑھنا بھی شامل ہے لیکن شریشا نے ان رکاوٹوں کو ختم کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ۔