Friday, May 17, 2024
Homesliderشکیب پر عائد پابندی ختم ، فٹنس ٹسٹ کےلئے تیار

شکیب پر عائد پابندی ختم ، فٹنس ٹسٹ کےلئے تیار

- Advertisement -
- Advertisement -

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن کو سٹہ بازوں سے رابطے سے متعلق معلومات نہ دینے پر عائد ایک سالہ پابندی ختم ہوگئی ہے اور وہ اب فٹنس ٹسٹ میں شریک ہوں گے ۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی ) نے شکیب پر عائد پابندی ختم کرنے کے بعد اعلان کیاہے کہ شکیب 9 نومبرکو ہونے والے فٹنس ٹسٹ میں حصہ لیں گے تاکہ وہ بنگلہ دیش کے آئندہ دورے کے اہل ہوں۔

شکیب نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی طرف سے عائد ایک سالہ پابندی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پابندی نے ان کی زندگی کے بارے میں خیالات کو تبدیل کردیا اور انہیں اس وقت پر افسوس نہیں ہے جو انہوں نے کرکٹ سے دور رہ کرگزارا ۔

شکیب پر ایک سال کی پابندی مکمل ہوگئی ہے اوروہ29 اکتوبر سے کرکٹ کھیلنے کے اہل ہیں۔ شکیب نے اپنے یوٹیوب چینل پر سوال و جواب کے دوران کہاکہ میرے خیال میں اس پابندی نے میری مدد کی ہے اور مثبت سمت میں مدد دی ہے ۔ اس دوران میرے لئے بہت سے دروازے کھول دیئے گئے تھے اور میں زندگی کے بارے میں کسی اور طرح سے سوچ سکتا ہوں۔ مجھے اس ایک سال سے کوئی افسوس نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ مجھے کہاں سے ہمت ملی لیکن جب مجھے پابندی کی اطلاع ملی تو میں مکمل طور پر دنگ رہ گیا اور پھر بھی مجھے لگا کہ زندگی نے مجھے دوسرا موقع فراہم کیا ہے ۔ اپنے آپ کو تیار کرنے کے لئے میرے پاس ایک سال ہے اور جب میں واپس آؤں گا تو مجھے اسے دوبارہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے ۔آل راؤنڈر نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمہ کے دوران تحقیقات کا دور ان کے کیریئر کا سب سے خوفناک وقت تھا۔ شکیب پہلے ہی آئی سی سی کی پابندی سے بخوبی واقف تھے اورجانتے تھے کہ ان تک بات پہنچ سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے دوران مظاہرہ کرنا بہت چیلنجنگ تھا کیونکہ آئی سی سی کی اینٹی کرپشن اور سیکیورٹی یونٹ مجھ سے مستقل طور پر پوچھ گچھ کررہی تھی اور یہ میرے لئے بہت ہی پریشان کن صورتحال تھی۔ سونے سے پہلے رات کو اچھا نہیں لگتا تھا۔ مجھے محسوس ہورہا تھا کہ کچھ ہوجائے گا اور کبھی کبھی میں نے سوچا کہ کچھ نہیں ہوگا۔ وہ وقت جب میں تفتیش سے گزر رہا تھا بالکل اچھا نہیں تھا۔بی سی بی نے دراصل فیصلہ کیا ہے کہ نومبر ۔ دسمبر میں ہونے والے ٹی20 ٹورنمنٹ کے لئے ممکنہ کھلاڑیوں کو مقابلے کے لئے لازمی فٹنس ٹسٹ سے گزرنا ہوگایہ ہی وجہ ہے شکیب الحسن بھی اب فٹنس ٹسٹ دیں گے۔