Monday, May 20, 2024
Homesliderشہباز امیدوں پر پورا اترے :محمد سراج

شہباز امیدوں پر پورا اترے :محمد سراج

- Advertisement -
- Advertisement -

چینائی : رائل چیلنجرس بنگلور کے فاسٹ بولر محمد سراج محسوس کرتے ہیں کہ اسپن آل راؤنڈر شہباز احمد نے اپنے انتخاب کے ساتھ انصاف کیا ہے اور انھوں نے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف قطعی 11 کھلاڑیوں میں اپنی شمولیت کو حق بجانب ثابت کیا ہے۔ گزشتہ مقابلہ میں شہباز احمد نے ایک ہی اوور میں 3 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے مقابلہ کو ڈرامائی انداز میں اپنی ٹیم کے حق میں کیا اور ان کے اِس مظاہرہ کی بدولت رائل چیلنجرس بنگلور نے 149/8 رنز کا کامیاب دفاع کیا۔ علاوہ ازیں بیاٹنگ میں بھی احمد کو گلین میکس ویل اور اے بی ڈی ولیئرس سے پہلے بیاٹنگ کے لئے روانہ کیا گیا جو اِس بات کا ثبوت ہے کہ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو اِن پر کس حد تک اعتماد ہے۔

 شہباز احمد کے علاوہ رجب پتیدار جنھوں نے پہلے مقابلہ میں دیودت پڈیکل کی عدم موجودگی میں پہلا مقابلہ کھیلا تھا، دونوں نے ہی پریکٹس مقابلہ میں بہترین مظاہرہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار حیدرآباد کے خلاف کامیابی کے بعد بنگلور کے فاسٹ بولر محمد سراج نے کیا۔ سراج نے کہاکہ شہباز آل راونڈر ہے جس سے ٹیم کو ایک بائیں ہاتھ کے اسپنر کے علاوہ بیاٹنگ میں بھی کئی متبادل منصوبوں پر عمل کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ یہاں کی وکٹ سست اور اسپنرس کے لئے سازگار ہے اور شہباز یہاں کی وکٹ کے لئے موزوں انتخاب تھے۔ شہباز احمد نے مقابلہ کے 17 ویں اوور میں جانی بیرسٹو، منیش پانڈے اور عبدالصمد کو آوٹ کرتے ہوئے مقابلہ کا نقشہ ہی بدل دیا اور ٹیم کو ڈرامائی کامیابی دلوانے میں اہم رول ادا کیا۔ سراج نے کہاکہ واشنگٹن سندر کے اوورس بھی تھے لیکن ویراٹ کوہلی نے سیدھے ہاتھ کے بیٹسمنوں کی وکٹ پر موجودگی کو دیکھتے ہوئے بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز احمد کو بولنگ کی ذمہ داری دی جنھوں نے اِسے بخوبی نبھاتے ہوئے مقابلہ کو ٹیم کے حق میں کردیا۔ فاسٹ بولر سراج نے بھی 4 اوورس میں 25 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔