Monday, May 13, 2024
Homeتازہ ترین خبریںشہر میں سڑکوں کی خراب حالت پر کانگریسی کارکنوں نے کیا انوکھا...

شہر میں سڑکوں کی خراب حالت پر کانگریسی کارکنوں نے کیا انوکھا احتجاج

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد : شہر کی سڑکوں پر گڑھے بھرنے میں تاخیر سے پریشان،اور ان گڑھوں کی وجہہ سے ہونے والے حادثات سے فکر مندکانگریس کارکنوں نے چہارشنبہ کو وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ اور ٹی آر ایس کے کار گزار صدر کے ٹی راما راؤ کی تصویروں سے گڑھوں کو بھرنے کا انوکھا احتجاج کیا۔

کانگریس کارکنان،ٹی پی سی سی محکمہ اقلیت کے چئیرمین عبد اللہ سہیل کی سربراہی میں مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے فرزند کے ٹی آر کی تصاویر پھینک دیں۔

حیدرآباد اور سکندر آباد،میں سڑکوں کی قابل رحم حالت کے لئے کے سی آر اور کے ٹی آر کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سہیل نے کہا کہ ”وزیر اعلیٰ کے پاس سڑکوں کی خراب حالت کو جانچنے کے لئے،شہر کے کسی بھی علاقے کا دورہ کرنے کا وقت نہیں ہے،جبکہ کے ٹی آردیگر سیاسی سرگر میوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی آر ایس کے جی  ایچ ایم سی پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد دونوں لا پتہ ہو گئے تھے۔میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عبد اللہ سہیل نے کہا کہ شہر میں خراب سڑکیں،قاتل سڑکوں میں تبدیل ہو گئی ہیں،کیونکہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں ٹی آر ایس کے جیتنے کے بعد سے پچھلے ساڑھے تین سالوں میں 8,783سرک حادثات میں 1,155افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

رواں سال 30جون تک1,258حادثات میں سے 446مقدمات دو پہیوں والی گاڑیوں سے متعلق تھے اور ان حادثات میں 129افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کانگریس رہنما نے الزام لگایا کہ ٹی آر ایس حکومت نے جرواں شہروں کو نظر انداز کیا ہے اور وزیر اعلیٰ نے حیدرآباد کے معاملات پر ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد نہیں کیا ہے۔مذکورہ احتجاج میں ٹی پی سی سی کے ترجمان سیدنظام الدین،سٹی کانگریس اقلیتی محکمہ کے چئیرمین سمیر ولی اللہ،ساجد شریف اور دیگر نے حصہ لیا۔