Tuesday, May 21, 2024
Homesliderعالمی چمپئن ٹیم کے رکن یشپال شرما چل بسے

عالمی چمپئن ٹیم کے رکن یشپال شرما چل بسے

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ عالمی چمپئن ہندوستانی ٹیم کے کرکٹر یشپال شرما کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ وہ 66 سال کے تھے ۔یشپال کے پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹیاں اور ایک بیٹاہے ۔یشپال نے ہندوستانی ٹیم کی ورلڈکپ کامیابی کی تاریخی جیت میں اہم کرداراداکیا تھا۔ انہوں نے 34.28 کے اوسط سے 240 رنز بنائے تھے ۔ ہندوستان کے لئے 37 ٹسٹ میچ اور42 ونڈے میچ کھیلنے والے یشپال شرما انگلینڈ میں کھیلے گئے 1983 کے ورلڈکپ میں ہندوستانی ٹیم میں بھی ہیروکے کردارمیں تھے ۔ اس ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف89 اورانگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ میں ان کی61 رنز کی اننگز ہندوستان کی خطابی جیت کی بنیاد تھی۔

فلم اسٹاردلیپ کمار کے بڑے مداح شرما نے ان کے انتقال کے چھ دن کے بعد ہی دنیا چھوڑدی۔ کرکٹ کوکم وقت دے پانے کے سبب یشپال شرما نے اسٹیٹ بینک میں چیف مینیجر کا عہدہ چھوڑدیا تھا۔انہیںبی سی سی آئی نے 2003 سے 2006 تک سینئر ٹیم کاسلیکٹر بھی بنایاتھا، اس کے بعد وہ2008 میں پھرسے قومی سلیکٹر بنے ۔ اس کے بعد انہوں نے اتر پردیش رانجی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ لدھیانہ میں پیدا ہوئے یشپال شرما اب خاندان کے ساتھ دہلی میں تھے ۔پنجاب کے سابق کرکٹر یشپال نے انگلینڈ کے خلاف 1979 میں اپنے کریر کا آغاز کیا تھا۔ انہیں مڈل آرڈر کا ایک مضبوط بیٹسمین سمجھا جاتا تھا۔سال 1979 سے 1983 تک کے اپنے کیریئر میں یشپال نے37 ٹسٹ کھیلے جس میں انہوں نے 1606 رنز بنائے ۔ اس کے علاوہ یشپال نے 42 ونڈے میں 883 رنز کا تعاون دیا۔

یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ 1983 سے قبل منعقدہ دو ورلڈکپس میں ویسٹ انڈیز نے کامیابی حاصل کی تھی اور اس دور میں ویسٹ انڈیز کا سامنا کرنا دل جگر کی بات مانی جاتی تھی ۔انتہائی طاقتور ٹیم کو فائنل میں شکست دیکر عالمی خطاب حاصل کرنا ہندوستان کی تاریخ کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔