Sunday, May 19, 2024
Homesliderعالمی یوم خواتین کے موقع پر کے سی آر کی مبارک باد،خصوصی...

عالمی یوم خواتین کے موقع پر کے سی آر کی مبارک باد،خصوصی تعطیل کا اعلان

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ حکومت تلنگانہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منگل کو تمام خواتین ملازمین کے لیے خصوصی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔چیف سکریٹری سومیش کمار نے منگل کو تمام خواتین ملازمین کے لیے خصوصی چھٹی کے لیے گورنمنٹ آرڈر (جی او ) جاری کیا۔اس دوران چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے یوم خواتین کے موقع پر خواتین کو مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی تعطیل کا اعلان کرکے ریاستی حکومت اپنی خواتین کا احترام کررہی ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ خواتین تمام شعبوں میں مردوں کے برابر کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کی ترقی میں خواتین کا بطور ہوم میکر اور ایک خاتون کے طورپر کردار بہت عظیم اور قربانی کا ہے۔

کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ ریاستی حکومت نے خواتین کے عالمی نظریہ کو اپنایا ہے جو اپنے خاندان کو ترتیب دیتے ہوئے، ایک ماں کی طرح انسانیت اور دور اندیشی کے ساتھ ہر ایک کی بھلائی کے لیے کام کرتی ہے۔چیف منسٹر  نے کہا کہ ریاستی حکومت خواتین کی بہبود اور ان کی ترقی کے لیے کام کررہی ہے۔ ریاستی حکومت مظلوم طبقات، دلتوں، کسانوں کی ترقی اور بہبود کے لیے انتھک محنت کررہی ہے۔ خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کی ترقی کے لیے، ریاستی حکومت نے کئی اسکیمیں اور پروگرام شروع کیے ہیں۔کے سی آر نے کہا کہ ریاستی حکومت مہیلا بندھو کے حامی کے طورپرجانی جاتی ہے اور اس سے انہیں بے پناہ خوشی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے تلنگانہ حکومت قائم ہوئی ہے تب سے  آج تک 10 لاکھ ماؤں کوکے سی آر کٹس کے ذریعے مالی اور دیگر فوائد کے ساتھ دیگر فائدہ پہنچایا گیا ہے، جس میں آروگیہ لکشمی، امّا وودی، بوڑھی مائیں، بیڑی خواتین ورکرس، اکیلی عورت جیسے پروگراموں کے تحت ہر ماہ پنشن دی جاتی ہے۔ .شی ٹیموں کے ذریعے، ریاست میں ہر ایک خاتون کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ حکومت نے آنگن واڑی اساتذہ، آشا کارکنوں اور ریاستی حکومت کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا ۔خواتین پر مبنی بہت سی اسکیموں اور پروگراموں کے ساتھ، تلنگانہ ریاستی حکومت نے مرد و خواتین کے تناسب کو متوازن کرنے میں اچھے نتائج حاصل کیے ہیں اور اس نے مقامی اداروں میں خواتین کے لیے 50 فیصد تحفظات دیا ہے۔ یہ ہندوستان کی واحد ریاست ہے جو اس طرح کے تحفظات  فراہم کرتی ہے۔