Tuesday, May 14, 2024
Homesliderعمران ملک اور افریقی سیریز پر عوامی توجہ

عمران ملک اور افریقی سیریز پر عوامی توجہ

- Advertisement -
- Advertisement -

احمد آباد ۔ آئی پی ایل 2022 میں جس نوجوان کھلاڑی نے سب سے زیادہ سرخیاں بٹوری ہیں اس میں کشمیر کے ابھرتے فاسٹ بولر عمران ملک ہیں ۔اپنی تیز رفتار گیندوں سے انہوں نے جہاں بیٹرس کو پریشا ن کیا ہے وہیں انہوں نے ماہرین اور سیلکٹروں کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروائی ہے ۔شاندار کارکردگی کا انہیں صلہ بھی ملا ہے ۔ سن رائزرز حیدرآباد کے فاسٹ بولر  عمران ملک نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ 2022  کے اختتام پر سیزن کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ عمران ملک کو سیزن کے ابھرتے نوجوان کھلاڑ ی کا ایواڈر دیا گیا ہے ۔ نوجوان فاسٹ بولر  آئی پی ایل کے 15 ویں ایڈیشن میں 14 میچوں میں 20.18 کی بولنگ اوسط اور 9.03 کی اکانامی  کے ساتھ 22 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

اس سیزن میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں راجستھان رائلز کے اسٹار بیٹر جوس بٹلر نے چھ ایوارڈ حاصل کیے جن میں سیزن کا سب سے قیمتی کھلاڑی، اورنج کیپ، سیزن میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر، سیزن میں سب سے زیادہ چوکے لگانے والے بیٹر، پاور پلیئر آف دی سیزن اور گیم چینجر آف دی سیزن کا ایوارڈ شامل ہیں۔ انگلش کھلاڑی نے 17 میچوں میں 57.53 کی اوسط اور 149.05 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 863 رنز بنائے۔ بٹلر نے آئی پی ایل 2022 میں چار سنچریاں اور چار نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ 616 رنز کے ساتھ لکھنؤ سوپر جائنٹس کے کپتان کے ایل راہول دوسرے نمبر پر رہے۔ اتوار کو آئی پی ایل 2022 کے فائنل میں گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں راجستھان رائلز (آر آر) کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر چمپئن بننے کا تاج اپنے نام کر لیا۔ ہاردک پانڈیا نے آل راؤنڈ کارکردگی کے ساتھ مثالی  قیادت کی جس نے گجرات ٹائٹنز کو اپنا پہلا آئی پی ایل خطاب  حاصل کرنے میں مدد کی ۔ یاد رہ کہ ہندوستان کے نئے اسپیڈ گن عمران اختتام پذیر  انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 میں مسلسل شاندار کارکردگی  دیکھائی ہے ۔

 ڈیتھ اوورز میں گیند کرنا ایک بولر اور فاسٹ بولر عمران کے لیے سب سے مشکل کام ہے، جو مسلسل 145-150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے بولنگ کرتے رہے ہیں ۔ قبل ازیں انہوں نے سن رائزرز حیدرآباد اور پنجاب کنگز کے درمیان کھیلے گئے پہلے میچ میں عمران نے پنجاب کی اننگز کا آخری اوور پھینکا۔ اس وقت اسکور بورڈ نے 151-6 لکھا تھا، پنجاب کی طرف سے کریز پر اوڈین اسمتھ اور راہول چاہر بڑے اسٹوکس ماررہے تھے اور حیرت انگیز طور پر عمران نے آخری  اوور میں ایک بھی رن نہیں دیا اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایک رن آؤٹ بھی ہوا، جس کا مطلب تھا کہ 20ویں اوور میں مجموعی طور پر چار وکٹیں گر گئیں اور پنجاب کی اننگز 151 پر سمٹ گئی یہ آئی پی ایل میں آخری اوور کی ریکارڈ بولنگ ہے ۔ماہرین کا ماننا ہے کہ آئی پی ایل میں ابھرتے کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے عمران ملک کےلئے  بین الاقوامی کرئیر کی ایک بہترین شروعات ہوسکتی ہے ۔جنوبی افریقہ کے خلاف معلنہ ہندوستانی ٹیم میں عمران ملک کی شمولیت کے بعد ان کی مہمان ٹیم کے خلاف کارکردگی توجہ کا مرکز ہوگی