Friday, May 17, 2024
Homeتلنگانہعوامی مفت وائی فائی, ہائیکرس کا آسان نشانہ، استعمال کرنے سے...

عوامی مفت وائی فائی, ہائیکرس کا آسان نشانہ، استعمال کرنے سے پہلے سوچ لیں

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد: عوامی مقامات پر دستیاب مفت وائی فائی انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ ایسے وائی فائی کے مفت انٹرنیٹ سے مربوط ہونے کے بعد عوامی ڈیٹا ہائیکرس کا آسان نشانہ بنتا ہے۔ پیشہ وارانہ افراد سیاح اور عام شہری بھی اکثر عوامی مقامات پر دستیاب مفت وائی فائی سے اپنے لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فون مربوط کرتے ہیں کیونکہ موبائل کے ڈیٹا کی بہ نسبت تیزرفتار وائی فائی کا استعمال کرتے ہوئے وہ اپنی دفتری اور شخصی مصروفیات کو جلد سے جلد نمٹاسکتے ہیں۔

روس سے تعلق رکھنے والی سوفٹ ویر سیکیورٹی کمپنی کیسپراسکائی نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ 70 فیصد ٹیبلٹ استعمال کرنے والے اور53 فیصد اسمارٹ فون استعمال کرنے والے افراد عوامی مقامات کے وائی فائی کو استعمال کرتے ہیں اور یہ وای فای ریلوے اسٹیشنز ، ایرپورٹس کے علاوہ مال، کافی شاپ ،ہوٹلس ، کانفرنس ہال، بسوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھی دستیاب ہوتے ہیں لیکن عوامی مقامات پر فراہم کی جانے والی مفت وائی فائی سہولیات میں اعلی درجے کی سکیورٹی انتظامات نہیں ہوتے اور نہ ہی اس کے ذریعے کئے جانے والے روابط میں ڈیٹا کے لئے انکرپشن کاکوئی بہتر انتظام نہیں ہوتا لہذا ایسے مفت وائی فائی کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین ہائیکرس کا آسان نشانہ بن جاتے ہیں جو ان کی شخصی معلومات کے علاوہ بینک کے لین دین ، اکاؤنٹ کی تفصیلات، پاسورڈ ، تصاویر اور دیگر اہم مواد کا سرقہ کرلیتے ہیں۔

 یہ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو جاتی ہے جب کوئی فرد ایک ملک سے دوسرے ملک دفتری امور کی تکمیل کے لئے سفر کرتا ہے اور جیسے ہی دوسرے ملک میں داخل ہوتا ہے تو وہ عوامی مقامات کی مفت وائی فائی سہولت سے استفادہ کرنے لگتا ہے تو اس کے لئے خطرات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں اور ایک مرتبہ جب اس کا اہم مواد چوری ہوجاتا ہے تو وہ میزبان ملک میں شکایت بھی آسانی سے درج نہیں کرواسکتا کیونکہ اس وقت دنیا بھر میں کوئی ایک اور منظم ڈیٹا کی حفاظت کے لئے عالمی قانون نہیں ہے۔ سائبر جرائم کے ماہرین ہائیکرس عوامی وائی فائی سے مربوط ہونے والے افراد کو اپنا آسان نشانہ بناتے ہیں ، لہذا عوام کو خبردار کیا گیا ہےکہ وہ عوامی مقامات پر دستیاب وائی فائی کا استعمال کرتے وقت زیادہ چوکنا رہیں اور کوئی حساس مواد یا تفصیلات کی حصول ترسیل کے وقت پہلے اپنا شخصی اطمینان حاصل کر لیں۔