Saturday, May 18, 2024
Homesliderعیدگاہوں میں رونقوں کی واپسی ، عیدالاضحیٰ کےلئے تیاریوں کا آغاز

عیدگاہوں میں رونقوں کی واپسی ، عیدالاضحیٰ کےلئے تیاریوں کا آغاز

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ رمضان کی عید سے عین دو دن قبل تلنگانہ میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا تھا جس سے عوام میں غم و غصہ پایا گیا تھا لیکن اب بقر عید سے قبل عوام کےلئے خوش خبری ہے کہ ایک سال کے طویل عرصہ کے بعد عیدگاہوں میں رونقیں لوٹ رہی ہیں کیونکہ اس سال عید الاضحی کا نماز عید گاہ میں ادا کی جاسکتی ہے۔

تفصیلات کے بموجب  تلنگانہ کی عیدگاہوں اور مساجد میں ایک سال کے وقفہ کے بعد نماز عیدالاٰضحیٰ کا 21 جولائی کو اہتمام کیا جائے گا۔ سال2020 میں لاک ڈاؤن اور کورونا وباء کے پیش نظر عید الفطر اورعید الاضحیٰ پر عیدگاہوں  میں نماز کی اجازت نہیں  دی گئی تھی  اور جاریہ سال بھی کورونا کی دوسری لہر کے خوف سے عیدگاہوں میں نماز عیدالفطر کی اجازت نہیں ملی  تھی۔

اس وقت کورونا لاک ڈاؤن اور اس سے متعلق تمام پابندیاں ختم ہوچکی ہیں لہذا حکومت تلنگانہ نے عبادتگاہوں کے علاوہ مذہبی تقاریب اور تہواروں کی اجازت دے دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حیدرآباد میں بونال تقاریب روایتی انداز میں منائی جارہی ہے اور سکندرآباد و حیدرآباد کے بیشتر مقامات پر جو بونال جلوس نکالا گیا تھا اس میں ہزا روں  افراد شریک رہے ۔ مذہبی اجتماعات اور عبادات کی اجازت کے بعد مسلمان امسال نماز عیدالاضحیٰ عیدگاہوں اور مساجد میں ادا کرپائیں گے ۔

اس ضمن میں تمام ضلع کلکٹرس اور پولیس کو رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے گئے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا ہے  کہ عیدگاہ میرعالم اور عیدگاہ مادنا پیٹ میں عید الاضحیٰ  کی نماز کے انتظامات کا جمعہ کو آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی دیگر عیدگاہوں بالخصوص گنبدان قطب شاہی، حفیظ پیٹ، عیدگاہ سکندرآباد(بالم رائی ) عیدگاہ بلالی اوردونوں شہروں کی  دیگر عیدگاہوں میں بھی انتظامات کئے جائیں گے۔ بارش کے پیش نظر عیدگاہوں میں خصوصی انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے اور واٹر پروف شامیانوں کا انتظام کیا جارہا ہے  ۔عیدگاہ کمیٹیوں سے درخواست  کی گئی  ہے کہ وہ  مصلیوں کی بارش سے حفاظت کے لئے شامیانوں کے علاوہ بہتر فرش کا انتظام کریں۔