Friday, May 17, 2024
Homesliderغار حرا اور غار ثور کی تزئین نو کا پہلا مرحلہ مکمل

غار حرا اور غار ثور کی تزئین نو کا پہلا مرحلہ مکمل

- Advertisement -
- Advertisement -

ریاض: سعودی عرب میں غار حرا اورغار ثور کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق غار حرا اور غار ثور اسلامی تاریخ کے دو اہم غار ہیں، پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ پر سب سے پہلی وحی غار حرا میں نازل ہوئی تھی جبکہ انہوں نے مکہ سے مدینہ ہجرت کرتے وقت پہلی پناہ گاہ کے طور پر غار ثور کا سہارا لیا تھا۔

حج، عمرہ اور زیارت پر آنے والے مسلمانان عالم مکہ آتے ہیں تو ان دونوں غاروں کی زیارت کا پروگرام بناتے ہیں۔دونوں غاروں کی تجدید و تزئین کا کام تین مرحلوں میں کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں غار حرا اور غار ثور کے اطراف اور آنے جانے والے راستوں پرتحریریں اورشکلیں صاف کردی گئیں۔پہلا مرحلہ مکمل ہو جانے کے بعد دوسرے مرحلے میں غار ثور اور غار حرا کے اندر سنگ مر مر کے ٹکڑے ہٹائے جائیں گے اور سیمنٹ کی سلیں صاف کی جائیں گی۔

تیسرے مرحلے میں لکڑی، لوہے اور ٹین سے بنائی گئی عارضی تنصیبات صاف کی جائیں گی اور یہ سارا کام چند ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔غار حرا اور غار ثور  کے منصوبوں کی نگرانی میں گورنریٹ مکہ، رائل کمیشن برائے مکہ اور مقدس مقامات کے علاوہ مکہ مکرمہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بلدیہ مکہ حصہ لے رہی ہیں۔یاد رہے کہ دونوں تاریخی غاروں کے لیے منصوبوں کا اعلان گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے کیا تھا۔